کرپٹ نظام اور حکمرانوں کے ہاتھوں ہونے والے استحصال نے قوم کو بری طرح مایوس کردیا ، سراج الحق

اب لوگوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔موجودہ نظام نے لوگوں غربت کے اندھیروں میں دھکیل دیا ہے اور ان سے عزت کی زندگی چھین لی ہے ،مٹھی بھر کرپٹ اشرافیہ نے سیاسی جماعتوں اور سیاست کو یرغمال بنا رکھا ہے، امیر جماعت اسلامی

پیر 29 جنوری 2018 22:08

کرپٹ نظام اور حکمرانوں کے ہاتھوں ہونے والے استحصال نے قوم کو بری طرح ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جنوری2018ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کرپٹ نظام اور حکمرانوں کے ہاتھوں ہونے والے استحصال نے قوم کو بری طرح مایوس کردیا ہے اور اب لوگوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔موجودہ نظام نے لوگوں غربت کے اندھیروں میں دھکیل دیا ہے اور ان سے عزت کی زندگی چھین لی ہے ۔مٹھی بھر کرپٹ اشرافیہ نے سیاسی جماعتوں اور سیاست کو یرغمال بنا رکھا ہے ۔

سیاسی جماعتیں جب تک کرپٹ ٹولے سے لاتعلقی کا اعلان کرکے انہیں اپنی صفوں سے نہیں نکالتیں ،سیاست اور جمہوریت میں شفافیت نہیں آئے گی۔ان لوگوں کا مقصد ہی جائز و ناجائز طریقے سے ذاتی اثاثوں میں اضافہ کرنا ہے وہ ملک و قوم کے مفادات کی حفاظت کیسے کرسکتے ہیں ،ذاتی مفادات کے اسیر وں نے قومی مفادات کا ہمیشہ سودا کیا ،امریکہ کے ہر حکم پر گردن جھکانے والے آج قوم کے کٹہرے میں کھڑے ہیں ۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کاایک واضح ایجنڈا رکھتی ہے ۔دوسری کسی جماعت کے پاس قومی ترقی کا کوئی پروگرام نہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب میں مختلف وفود سے ملاقاتوں کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کرپٹ ٹولہ70سال سے ملک و قوم کا استحصال کررہا ہے ،ظالم جاگیر دار اور سرمایہ دار سیاست کو اپنے گھر کی لونڈی سمجھتے ہیں اور دولت کے بل بوتے پر انتخابی نظام اور عملے کو یرغمال بنا کر جھرلو اور دھاندلی زدہ انتخابات کے ذریعے اقتدار کے ایوانوں میں پہنچ کر عوام کے ٹیکسوں اور بلوں سے حاصل ہونے والی دولت کو لوٹ کر اپنے لئے اندرون و بیرون ملک عالی شان محلات بنا لئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ستر سال کی غلامی ، غربت و مہنگائی اور بے روز گاری نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے جس سے عوام کے اندر حکمرانوں کے خلاف سخت نفرت اور بداعتمادی نے جنم لیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بار بار کے فریب اور دغابازی نے عوام کو بری طرح مایوس کیا ہے اور اب وہ ان کرپٹ حکمرانوں کوایک دن کیلئے بھی برداشت کرنے کو تیار نہیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو انصاف ،تعلیم اور صحت کی سہولتیں نہ ملنے کا رونا رونے والے بتائیں کہ تین تین عشروں سے حکومت میں رہتے ہوئے انہوں نے عوام کے لئے کیا کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو غربت جہالت ،بدامنی اور بے روز گاری جیسے مسائل سے دوچار کرنے کے اصل مجرم یہی حکمران ہیں جو اقتدار سے نکلتے ہیں تو انہیں عوام یاد آتے ہیںاور اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھتے ہیں تو یہ اپنی ناک سے آگے دیکھ نہیں سکتے ۔انہوں نے کہا کہ کرپٹ مافیا صرف اسی آئین اور قانون کی بات کرتا ہے جو ان مفادات کا تحفظ کرے اور ان کے اختیارات میں اضافہ کیلئے بنایا جائے۔

او ر جو قوانین عوام کی خدمت اور فلاح کیلئے ہوتے ہیںان کا یہ ہمیشہ مذاق اڑاتے ہیں ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کے سوا کسی دوسری سیاسی جماعت کے پاس عوام کی پریشانیوں کا کوئی علاج نہیں اور نہ ان کے پاس ملک و قوم کی فلاح اور خوشحالی کا کوئی ایجنڈا ہے ۔انہوں نے کہا کہ چوروں اور ڈاکوئوں کے گروہ کو گھر کی رکھوالی پر بٹھا کر گھر محفوظ رہنے کی امید لگانے والوں کو پچھتاوے کے علاوہ کچھ نہیں ملتا ،عوام کو اپنا انتخابی رویہ تبدیل کرنا ہوگا اور سانپوں کو دودھ پلانے کی بجائے جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت کا ساتھ دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ 2018کے انتخابات میں جماعت اسلامی دیگر دینی قوتوں کے ساتھ مل کر کرپٹ ٹولے کا راستہ روکنے کی بھر پور کوشش کرے گی۔ہماری جدوجہد کا اصل مقصد ملک میں نظام مصطفی کا نفاذ ہے ،ملک و قوم کو مسائل کی موجودہ دلدل سے نکالنے کیلئے اسلامی نظام نفاذکے علاوہ کوئی حل نہیں ۔

متعلقہ عنوان :