سرکاری اور نجی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کے ڈرگ ٹیسٹ کو لازمی کیا جائے، وزیراعلیٰ سندھ

پیر 29 جنوری 2018 21:49

سرکاری اور نجی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کے ڈرگ ٹیسٹ کو لازمی ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جنوری2018ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بچوں کو بڑھتے ہوئے منشیات کے خطرے سے بچانے کے لئے فیصلہ کیا ہے کہ سرکاری اور نجی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کے ڈرگ ٹیسٹ کو لازمی کیا جائے۔ پیر کو وزیراعلیٰ ہائوس سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے صوبے بھر میں تعلیمی اداروں میں منشیات کے خطرے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلا س میں صوبائی وزیر تعلیم جام مہتاب ڈھر، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندھرو، وزیر اعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت، سیکریٹری تعلیم اقبال درانی، سیکریٹری صحت ڈاکٹر فضل پیچوہو اور دیگر نے شرکت کی۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ ملک کی چند بڑی یونیورسٹیوں سے یہ رپورٹس ملی ہیں کہ وہاں پر کچھ طلبا منشیات استعمال کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم منشیات کے بڑھتے ہوئے خطرے سے اپنے بچوں کو تحفظ فراہم کریں۔ وزیر اعلی سندھ نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندھرو، صوبائی وزیر تعلیم جام مہتاب ڈھر ، سیکریٹری تعلیم اقبال درانی اور سیکریٹری صحت فضل پیچوہو پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جو کہ ہائیر اور سیکنڈری سطح پر طلبا کے ڈرگ ٹیسٹنگ کے حوالے سے قانون تیار کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہر ایک طلبہ کے لیے ٹیسٹ کوالیفائی کرنا لازم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اس ٹاسک میں والدین بھی میرے ساتھ تعاون کریں گے۔ صوبائی سیکریٹری تعلیم نے کہا کہ انہوں نے طلبا کی فہرست تیار کرنا شروع کردی ہے تاکہ اسے ڈرگ ٹیسٹ شروع کرنے کے لئے محکمہ صحت کے ساتھ شیئر کی جا سکے۔ جس پر وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ انہیں جب بھی ضرورت ہوگی وہ اس کے لئے فنڈز جاری کردیں گے۔

متعلقہ عنوان :