یوم پاکستان2018ء کی تقریبات 7 روز تک جاری رہیں گی:رانا مشہود

پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے طالبعلموں کیلئے انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا جائے گا:صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن

پیر 29 جنوری 2018 20:53

یوم پاکستان2018ء کی تقریبات 7 روز تک جاری رہیں گی:رانا مشہود
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جنوری2018ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں یوم پاکستان کے حوالے سے تقریبات کے انعقاد کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر رانا مشہود نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم پاکستان کی 7روزہ تقریبات شایان شان طریقے سے منائی جائیں گی جس میں دوست ممالک کے سفیروں سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمایاں افراد اور طلباء و طالبات کثیر تعداد میں شرکت کریں گی۔

اجلاس میںمحکمہ اطلاعات و ثقافت ، والڈ سٹی اتھارٹی لاہور ، ٹرانسپورٹ،سکولز ایجوکیشن، انرجی، ضلعی انتظامیہ اورمتعلقہ محکموں کے حکام نے شرکت کی۔قبل ازیں صوبائی وزیرسکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے سول سیکرٹیریٹ میں پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کی چانسلرز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کہا کہ پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے طالبعلموں کیلئے انڈوومنٹ فنڈ بھی قائم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس یونیورسٹی کے قیام سے پاکستانی نوجوان دنیا بھر کے بہترین تعلیمی اداروں میں استعمال ہونے والی جدید ٹیکنالوجی اور سٹیٹ آف دی آرٹ لیبارٹریوں سے مستفید ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے انٹرنیشنل مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق بہترین سکلڈ فورس تیار ہوگی اور بے روزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ صوبائی وزیر انڈسٹریز علائوالدین شیخ، چیئرپرسن ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی عرفان قیصر شیخ اورمختلف محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

صوبائی وزیر انڈسٹریز علائوالدین شیخ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید دور کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے فنی تعلیم کا فروغ پنجاب حکومت کا احسن اقدام ہے جو کہ ملکی ترقی کا ضامن ہے۔پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے قیام سے ہنر مند افراد کو باعزت روزگارمیسر آئے گا اور اسطرح بنیادی سطح پر معاشی ترقی کا عمل تیز تر ہو گا۔اجلاس میں پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے قیام کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔