سپریم کورٹ ،شاہد مسعود کے سنگین الزامات کی تحقیقات کیلئے تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی

پیر 29 جنوری 2018 20:42

سپریم کورٹ ،شاہد مسعود  کے سنگین الزامات کی تحقیقات کیلئے تین رکنی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جنوری2018ء) سپریم کورٹ نے قصورمیں زینب نامی سات سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کئے جانے کے واقعہ سے متعلق ٹی وی اینکرڈاکٹرشاہد مسعود کی جانب سے 25جنوری کو لگائے گئے سنگین الزامات اورتہمت کی تحقیقات کیلئے ڈی جی ایف آئی اے بشیرمیمن کی سربراہی میں تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے جوان الزامات کی سچائی اورصداقت کاتعین کرے گی ، کمیٹی کے دیگرارکان میں آئی بی کے جائنٹ ڈائریکٹرانورعلی اور اسلام آباد پولیس کے اسٹنٹ آئی جی عصمت اللہ جونیجو شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پیرکوسپریم کورٹ کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق کمیٹی تحقیقات کے دوران ملزم عمران کے مبینہ اکاونٹس کاپتہ چلانے کیلئے سٹیٹ بینک کے کسی بھی سینئر افسر کی مدد حاصل کرنے کے علاوہ کسی بھی دوسرے ایسے افسر یااہلکار کی مددحاصل کرسکے گی جوکمیٹی کے خیال میں ڈاکٹرشاہد مسعود کی جانب سے ا ٹھائے گئے معاملے کی تحقیقات میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں ، کمیٹی تحقیقات کے دوران ڈاکٹر شاہد مسعود کابیان ریکارڈ کرنے کے بعد ڈاکٹرشاہد مسعود کے پاس اپنے موقف کے حوالے سے دستیاب مواد یا کوئی متعلقہ ریکارڈ ایک ماہ میں عدالت میں جمع کرائے گی، کمیٹی ڈاکٹرشاہد مسعود کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی صداقت کاجائزہ لے کرواضح فائنڈنگ دے گی کہ الزامات درست ہیں یانہیں۔

متعلقہ عنوان :