پختونوں کو بے تحاشا قربانیاں دینے کے باوجود نظر انداز کیا گیا ،،قبائلی علاقوں کا خیبر پختونخوا میں انضمام کے حوالے مزید تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں ، سکندر حیات خان شیرپاؤ

پیر 29 جنوری 2018 20:30

پختونوں کو بے تحاشا قربانیاں دینے کے باوجود نظر انداز کیا گیا ،،قبائلی ..
چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 جنوری2018ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہاکہ پختونوں کو بے تحاشا قربانیاں دینے کے باوجود نظر انداز کیا ،قبائیلی علاقوں کی خیبر پختونخوا میں انضمام کے حوالے مزید تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں کیونکہ یہ فاٹا کے عوام کے ساتھ زیادتی ہوگیسابقہ اور موجودہ صوبائی حکومتوں نے کسی بھی فورم پر پختونوں کا مقدمہ صحیح طور پیش نہیں کیا اور نہ ہی ان کی صحیح نمائندگی کا حق ادا کیا جبکہ ان کو کبھی کھوکھلے نعروں اور کبھی تبدیلی کے نام پر ٹرخایا گیا جس کی وجہ سے وہ محرومی اور مایوسی کا شکار ہیں، پختونوں کے تحفظ اور حقوق کے حصول کو یقینی بنانا ہمارامنشور ہے اور ان کی حق تلفی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ روز گائوں شیرپائو میں قومی وطن پارٹی ضلع چارسدہ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں شہید وطن حیات محمد خان شیرپائو کی آنے والی برسی کی تیاریوں کے سلسلے میں غور حوض کیا گیا اوراس سلسلے میں پارٹی میٹنگز کو حتمی شکل دیدی گئی۔ سکندر شیرپائو نے کہا کہ پختونوں کو بے تحاشا قربانیاں دینے کے باوجود نظر انداز کیا جا رہا ہے جو کہ انتہائی افسوسناک ہے۔

انھوں نے کہا کہ امن کے قیام اور پختونوں کے اتحاد و اتفاق اورآواز کو مزید موثر بنانے کیلئے فاٹا کا خیبر پختونخوامیں فوری انضمام وقت کی ضرورت ہے اس سے نہ صرف وہاں پر پائی جانے والی محرومی کا ازالہ ہو گابلکہ قبائلی عوام کی زندگیوں پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔انھوں نے مزید کہا کہ فاٹا کے انضمام کے حوالے سیاست سے بالاتر ہوکر قبائلی عوام کے مفادات کو ترجیح دی جائے تاکہ قبائل کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے ساتھ ساتھ قبائلی علاقوں کی تعمیر و ترقی اور قبائلی عوام کو ملک کے دوسرے شہریوں کے برابر حقوق اور سہولیات دیئے جائیں۔

انھوں نے مردان سے تعلقی رکھنے والی بچی کے قاتلوں کی تاحال عدم گرفتاری پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت اس ضمن میں چشم پوشی کی بجائے قاتلوں کوجلد از جلد گرفتا رکرنے کیلئے نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے ۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کی واحد نمائندہ جماعت ہے اور ان کے حقوق کیلئے ہر فورم پر جدوجہد کرے گی اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :