گوجرخان، وارڈ نمبر 3سے لاپتہ ہونے والے بچے کا معمہ حل ہوگیا

پیر 29 جنوری 2018 20:18

گوجر خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جنوری2018ء) گوجرخان شہر کی نواحی آبادی وارڈ نمبر 3سے لاپتہ ہونے والے بچے کا معمہ حل ہوگیا،تقریباً چودہ سالہ فیصل خان افغانستان اپنے چچا کے پاس پہنچ گیا، اس کے والد نے تھانہ گوجرخان میں بچے کے اغوا ء کا مقدمہ درج کرا رکھا تھا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق وارڈنمبر3کے رہائشی زرگے خان ولد حاجی طارق خان نے تھانہ گوجرخان میں 16-01-18کو ایف آئی آر درج کرائی کہ اس کا بیٹا فیصل خان جو گھر سے گیا واپس نہ آیا اس کو نامعلوم افراد نے اغواء کر لیا ہے، پولیس تھانہ گوجرخان نے مقدمہ بجرم زیر دفعہ365درج کیا، ایس ایچ او تھانہ گوجرخان اشتیاق مسعود چیمہ نے بتایا کہ فیصل خان اپنے چچا دلاور خان کے پاس افغانستان پہنچ گیا ہے اور اس کے والد نے تھانہ گوجرخان میں آکر پولیس کو آگاہ کر دیا ہے کہ اس کا بیٹا اس وقت اپنے چچا کے پاس موجود ہے۔