پاکستان ہندو کونسل کے زیراہتمام اجتماعی شادیوں کی رنگارنگ تقریب،

83 ہندو جوڑے شادی کے بندھن میں بندھ گئے نفرتوں کو رد کرکے امن و محبت کا پیغام عام کرنے کی ضرورت ہے، قائداعظم کی ایک اپیل پر پاکستانی ہندوؤں نے پاکستان کو اپنی دھرتی ماتا بنالیا، ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کا شرکاء سے خطاب

پیر 29 جنوری 2018 16:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 جنوری2018ء) پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ اور چیئرمین قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے شماریات ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی و سربلندی کی خاطر آج ہمیں نفرتوں کو رد کرکے امن و محبت کا پیغام عام کرنے کی اشد ضرورت ہے، وہ پاکستان ہندوکونسل کے زیراہتمام اجتماعی شادیوں کی رنگارنگ ثقافتی تقریب سے خطاب کررہے تھے، رواں برس کی تقریب ہندو اجتماعی شادیوں کے کامیاب انعقاد کے سالانہ سلسلے کی دسویں کڑی تھی، اس موقع پر83 ہندوجوڑے شادی کے بندھن میں بندھ گئے، تقریب میں شرکت کیلئے ملک کے کونے کونے سے ہندو باشندوں نے اپنی موجودگی یقینی بنائی۔

میزبان پاکستان ہندوکونسل کے سرپرست ِ اعلیٰ ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان ہندوکونسل کے زیراہتمام شادی شدہ جوڑوں کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ گئی ہے، پاکستان ہندوکونسل کے سرپرست اعلیٰ نے کہا کہ انہیں ہزار جوڑوں کے دو ہزار گھرانے اور عزیز و اقارب کا گھر بسانے سے جو دِلی سکون ملا وہ کسی کو پیسا کمانے اور بزنس بڑھانے سے بھی حاصل نہیں ہوسکتا، انہوں نے دیگر فلاحی اقدامات کے حوالے سے بتایا کہ ہندو کونسل کے زیرانتظام سولہ سکول کامیابی سے چل رہے ہیں جس میں ایک ہزار غریب مستحق بچے زیرتعلیم ہیں، تاحال دو سو بچوں کو تعلیمی اسکالرشپ فراہم کیے جاچکے ہیں، ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے کہا کہ بیواؤں کو سلائی مشین اور بے روزگاروں کو موٹرسائیکل رکشا بھی فراہم کی جارہی ہے،غریب مریضوں کی خدمت کیلئے ایمبولینس سروس کا دائرہ کار پورے ملک میں بڑھایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ معاشرے کے دیگر طبقات بھی فلاحی اقدامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، انہوں نے قومی سماجی شخصیت عبدالستار ایدھی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی خدمت کیلئے اپنے آپ کو وقف کردینے والے امر ہوجاتے ہیں، انہوں نے اس موقع پرایدھی مرحوم کی صاحبزادی کا اجتماعی شادیوں کی تقریب میں شریک ہونے پر خصوصی شکریہ ادا کیا، ڈاکٹر رمیش کا کہنا تھا کہ فاروق ستار، خلیل سندھو سمیت دیگر قومی سیاسی و سماجی شخصیات کی آمد نے مذہبی ہم آہنگی اور قومی وحدت کو بھی فروغ دیا ہے۔

ڈاکٹر رمیش کمار نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں محب وطن ہندو کمیونٹی کا اہم کردار ہے، جس جوش و ولولے سے پاکستان کی محب وطن ہندو کمیونٹی نظریہ پاکستان اور قائداعظم کے وژن کو پروموٹ کررہی ہے وہ پوری پاکستانی قوم کیلئے ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔اجتماعی شادی کی تقریب کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے کہا کہ کسی کا گھر بسانا بہت بڑی نیکی کا کام ہے، انہوں نے کہا کہ آج صرف تراسی جوڑوں کی شادی نہیں ہوئی بلکہ 166گھرانوں اور انکے وابستہ دیگر افراد کیلئے خوشیوں کا دن ہے، ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے نوبیاہتا جوڑوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو اقلیت اور اکثریت کی تفریق سے بالاتر ہوکر برداشت، رواداری اور بھائی چارے پر مبنی ایک ایسے پاکستان کا قیام یقینی بنانے کیلئے ایک دوسرے کا ہاتھ تھامنا چاہیے جسکا خواب علامہ اقبال، قائداعظم اور تحریک پاکستان کے ہمارے بزرگوں نے دیکھا تھا، ڈاکٹر رمیش نے مزید کہا کہ آج میڈیا نے ساری دنیا کو دکھا دیا ہے کہ پاکستان میں غیرمسلم اپنی سماجی و مذہبی تقریبات منانے کیلئے آزاد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال اجتماعی شادیوں میں شریک ہونے کیلئے دور دراز سے تعلق رکھنے والے خواہشمند جوڑوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے۔