ائیر چیف کی قطر فضائیہ کو ایوی ایشن شعبے اور فوجی تربیت میںبھر پور مدد اور تعاون کی پیشکش

پاکستان اور قطرکے درمیان دوستانہ اور برادرانہ تعلقات ہیں، پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل سہیل امان کی قطر امیری فضائیہ کے سربراہ سے ملاقات میں گفتگو

پیر 29 جنوری 2018 16:44

ائیر چیف کی  قطر فضائیہ کو ایوی ایشن شعبے اور فوجی تربیت میںبھر پور ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 جنوری2018ء) قطر امیری فضائیہ کے سربراہ میجر جنرل(پائلٹ) مبارک محمد الکمیت الخیارین نے آج ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ ایئر ہیڈ کوارٹر اسلام آبادآمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ پاک فضائیہ کے ایک چاق وچوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی ۔ بعد ازاں قطری ائیر چیف نے پاک فضائیہ کے سربراہ سے انکے آفس میں ملاقات کی پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل سہیل امان سے انکے آفس میں ملاقات کی اور پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال کیا۔

(جاری ہے)

کمانڈ ر قطر فضائیہنے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فضائیہ کے کلیدی کردار کو سراہااور اس جنگ میں حاصل ہونے والے تجربات سے سیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔انہوں نے پاک فضائیہ کے افراد کی پیشہ وارانہ مہارت کو بھی سراہا ۔اس موقع پرپاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان اور قطرکے درمیان دوستانہ اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ ائیر چیف نے قطر فضائیہ کو ایوی ایشن کے شعبے اور فوجی تربیت میںبھر پور مدد اور تعاون کی پیشکش کی۔ قطر امیر ی فضائیہ کا وفدپاک فضائیہ کے تین روزہ دورے پر آیا ہوا ہے ۔ اس دوران وفد پاک فضائیہ کے مختلف ائیر بیسز اور تنصیبات کا معائنہ کرے گا۔