الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے شیڈول کا اعلان کردیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 29 جنوری 2018 14:52

الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے شیڈول کا اعلان کردیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی29- جنوری۔2018ء) الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے لئے تاریخوں کا باقاعدہ اعلان کردیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق امیدوار کاغذات نامزدگی 4 فروری سے 6 فروری تک ریٹرنگ آفیسر کے پاس جمع کراسکتے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کی جانب سے جمع کرائے گئے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال 9 فروری تک مکمل کی جائے گی امیدواروں کی فہرست 15 فروری کو جاری کردی جائے گی۔ سینیٹ انتخابات کے لئے پولنگ 3 مارچ کو ہوگی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ اور پنجاب سے 12،12، خیبر پختونخوا اور بلوچستان سے 11،11 سینیٹرز کا انتخاب کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اسلام آباد سے ایک جنرل اور ایک ٹیکنوکریٹ کی نشست پر انتخاب ہوگا جبکہ سندھ اور پنجاب سے7 جنرل، 2 ٹیکنوکریٹس، 2 خواتین اور ایک اقلیتی رکن کا انتخاب ہوگا۔

فاٹا سے 4 جنرل نشستوں پر انتخاب ہوگا۔ واضح رہے کہ سینیٹ ارکان کی مدت 6 برس ہوتی ہے تاہم ہر 3 برس بعد سینیٹ کی نصف نشستوں پر انتخابات ہوتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے 26 سینیٹرز میں سے 18 ارکان گھر چلے جائیں گے۔خیال رہے پاکستان کے سینیٹ کے کل ممبران کی تعداد 104 ہے جن میں سے 11 مارچ کو 52 ممبر ریٹائر ہوجائیں گے۔ ریٹائر ہونے والوں میں پیپلز پارٹی کے 18، مسلم لیگ (ن) کے 9، اسلام آباد سے 2 اور فاٹا سے بھی 4 سینیٹرز ریٹائر ہوجائیں گے۔ ذرائع کے مطابق جے یوآئی (ف) کے 3 ، عوامی نیشنل پارٹی کے 5 ، تحریک انصاف کا ایک اور مسلم لیگ (ق) کے تمام 4 سینیٹرز ریٹائر ہو جائیں گے۔