امن وامان حکومت کا ترجیحی ایجنڈا ہے، اس میں لاپرواہی کی کوئی گنجائش نہیں،امن وسلامتی کے بغیر ملک کی معاشی طاقت سے استفادہ نہیں کیا جاسکتا،وفاقی حکومت امن وامان کی بہتری کیلئے صوبائی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی،وفاقی حکومت کی طرف سے کراچی کیلئے اعلان کردہ ترقیاتی پیکج سے فوری اور دیر پا مثبت نتائج برآمد ہوں گے،

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا امن وامان کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں اظہار خیال

اتوار 28 جنوری 2018 23:10

کراچی۔28 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جنوری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ امن وامان حکومت کا ترجیحی ایجنڈا ہے اس میں لاپرواہی کی کوئی گنجائش نہیں کیونکہ امن وسلامتی کے بغیر ملک کی معاشی طاقت سے استفادہ نہیں کیا جاسکتا،کراچی پاکستان کا مالیاتی دارالحکومت ہے، وفاقی حکومت امن وامان کی بہتری کیلئے صوبائی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں امن وامان کے حوالے سے ہونے والے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں کراچی میں امن و سلامتی اور صوبے میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی قربانیوں کی وجہ سے کراچی میں مجموعی امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے،وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ملک بھر میں امن وسلامتی کو برقرار رکھنے کیلئے وفاقی اور صوبائی سطح کے اداروں کے مابین بہتر رابطہ ہونا چاہئے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے تمام سٹیک ہولڈرز کے مابین قانون کے نفاذ اور تکنیکی تعاون دائرہ کار میں قومی سطح پر ہم آہنگی اور ڈیٹا بیس کی انٹیگریشن کی ہدایت کی۔

وزیراعظم کو کراچی میں ماورائے عدالت قتل کے حالیہ واقعات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ واقعات شرمناک ہیں جو رونما نہیں ہونے چاہئیں تھے۔ وزیراعظم نے فوری تحقیقات کی تعریف کی اور ہدایت کی کہ مجرموں کو بلاتاخیر انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہئے۔ انہوں نے اختیارات کے ناجائز استعمال کو روکنے اور بے گناہ شہریوں کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے کراچی کیلئے اعلان کردہ ترقیاتی پیکج سے فوری اور دیر پا مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ وزیراعظم نے کراچی میں بین الاقوامی تقریبات کے پرامن اور کامیاب انعقاد میں رینجرز اور پولیس کے کردار کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے اطمینان کا اظہار کیا کہ کراچی میں سرمایہ کاری کیلئے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے ترقیاتی عمل بھرپور طریقہ سے جاری رہے گا اور سیکورٹی آپریشن کے نتائج دیر پا ثابت ہوں گے۔ اجلاس میں گورنر سندھ محمد زبیر، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال، وزیر مملکت اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب، وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر مصدق ملک، صوبائی وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا اور دیگر سینئر سول و فومی افسران بھی شریک تھے۔

متعلقہ عنوان :