وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجونے کوئٹہ کے علاقے کلی اسماعیل میں کم عمر بچی کے قتل کا نوٹس لے لیا، آئی جی پولیس بلوچستان کو مقتول بچی کی طبی رپورٹ سمیت واقعہ کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے اور واقعہ میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لئے تمام دستیاب وسائل برئوے کار لانے کا حکم

اتوار 28 جنوری 2018 22:50

کوئٹہ۔27 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جنوری2018ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجونے کوئٹہ کے علاقے کلی اسماعیل میں کم عمر بچی کے قتل کے واقعہ کا سختی سے نوٹ لیتے ہوئے، آئی جی پولیس بلوچستان کو مقتول بچی کی طبی رپورٹ سمیت واقعہ کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے اور واقعہ میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لئے تمام دستیاب وسائل برئوے کار لانے کا حکم دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ جو گوادر کے دورے پر ہیں نے واقعہ کی خبر سنتے ہی ان کے ہمراہ موجود وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی اور آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جس میں صوبائی وزیر عاصم کرد گیلو، صوبائی مشیر کہدہ بابر اور رکن صوبائی اسمبلی میر حمل کلمتی بھی شریک ہوئے۔ آئی جی پولیس نے واقعہ کے حوالے سے موصول رپورٹ اور دیگرتفصیلات سے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ڈی جی آئی کوئٹہ اور دیگر پولیس حکام کے ساتھ مسلسل رابطہ میں ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس ماہرین نے فوری طور پر کاروائی کا آغاز کرتے ہوئے شواہد اکھٹے کرنے اور بچی کے عزیز واقارب اور علاقے کے لوگوں سے معلومات کے حصول کا آغاز کردیاہے اور بچی کی لاش کو طبی معائینہ کے لئے بھجوادیا گیاہے۔ پولیس سرجن کی مصدقہ رپورٹ کی روشنی میں کاروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ کو یقین دلایا کہ واقعہ کی صحیح سمت میں تحقیقات کر کے اصل مجرم تک پہنچنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی اور تمام دستیاب وسائل برئوے کار لا کر متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائیگا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بچوں پرتشدد اور ان کی بے حرمتی دہشت گردی کی سب سے بھیانک صورت ہے اور اس میں ملوث عناصر معاشرے پر بدنماداغ اور سخت ترین سزا کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کو کیفرکردار تک پہنچانا حکومت وقت کی ذمہ داری ہے اور ہم اس حوالے سے ناکامی کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ وزیر اعلیٰ نے آئی جی پولیس کو سینئر پولیس حکام پر مشتمل تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیکر تحقیقات کو تیز ی سے آگے بڑھانے اور کم سے کم وقت میںملوث مجرم تک پہنچے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ نے مقتول بچی کے والدین سے تعزیت اور ہمدردی کا اطہار کرتے ہوئے مجرم کو قانون کے کٹہرے میں لاکر انہیں انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور مجرم کو عبرتناک سز ا دلانے تک چین سے نہیں بھیٹیں گے۔