گوادر کے عوام کے حقوق کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے،مقامی لوگوں اور غریب ماہی گیروں کی ترقی اور خوشحالی کے بغیر ہمارے لئے کوئی بھی میگا پراجیکٹ قابل قبول نہیں ہوگا،وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو

اتوار 28 جنوری 2018 22:50

کوئٹہ۔27 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جنوری2018ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجونے کہا ہے کہ گوادر کے عوام کے حقوق کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔ مقامی لوگوں اور غریب ماہی گیروں کی ترقی اور خوشحالی کے بغیر ہمارے لئے کوئی بھی میگا پراجیکٹ قابل قبول نہیں ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر شہر کے دورے کے موقع پر شہریوں سے بات چیت اور صفائی کی ابتر صورتحال کی بہتری کے لئے ڈپٹی کمشنرکو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔

اپنی گوادر آمد کے فوری بعد وزیر اعلیٰ نے بغیر پروٹوکول اور سیکورٹی کے شہر کا دورہ کیا اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے مختلف مقامات پر رک کر شہریوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کی۔ وزیر اعلیٰ نے گوادر ٹائون میں صفائی کی ابتر صورتحال اوراس حوالے سے عوامی شکایات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر گوادر اور میونسپل کمیٹی کو ایک ہفتہ کے اندر صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم نیا گوادر تو تعمیر کر رہے ہیں لیکن گوادر ٹائون ابتر صورتحال پیش کر رہا ہے اور مقامی آبادی صحت و صفائی ، آبنوشی اور نکاسی آب کی بنیادی سہولتوں سے محروم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی عوام کی خوشحالی سے آتی ہے جب تک عوام کو بنیادی سہولتیں نہیں ملتیں ترقی کے اہداف کا حصول ایک خواب ہی رہے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سی پیک اور گوادر پورٹ کی وجہ سے گوادر آنے والااعلیٰ شخصیات ، غیر ملکی مندوبین اور سرمایہ کار شہر کی حالت دیکھ کر کیا تاثر لیکر جائیں گے۔

دریں اثناء وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو دوروزہ دورہ پر اتوار کے روز گوادر پہنچے جہاں وہ پیر کے روز منعقد ہونے والے گوادر ایکسپو2018کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرینگے جسکے مہمان خصوصی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ہونگے۔ ائرپورٹ پر رکن صوبائی اسمبلی میر حمل کلمتی، صوبائی مشیر کہدہ بابر، آئی جی پولیس، کمشنر مکران ڈویژن، علاقے کے عمائدین، پارٹی کارکنوں ور دیگر حکام نے وزیر اعلیٰ کا استقبال کیا۔ صوبائی وزراء میر سرفراز بگٹی، میر عاصم کرد گیلو اور سابق صوبائی وزیر میر فائق علی جمالی بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔