بلاول بھٹو کے انڈیا ٹوڈے کو دئے گئے انٹرویو نے ثابت کیا ہے کہ وہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی سیاسی میراث کے صحیح وارث ہیں، بلاول بھٹو نے اپنے انٹرویو میں پاک بھارت تعلقات، مسئلہ کشمیر، دہشت گردی، انتہا پسندی اور اس کے خلاف بہادر مسلح افواج کے کردار اور دیگر عالمی امور پر جس طرح بات کی وہ ایک مدبر سیاسی رہنما ہی کر سکتا ہے

،قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ

اتوار 28 جنوری 2018 22:30

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 جنوری2018ء) قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہچیئرمین بلاول بھٹو کے انڈیا ٹوڈے کو دئے گئے انٹرویو نے ثابت کیا ہے کہ وہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی سیاسی میراث کے صحیح وارث ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے اپنے انٹرویو میں پاک بھارت تعلقات، مسئلہ کشمیر، دہشت گردی، انتہا پسندی اور اس کے خلاف بہادر مسلح افواج کے کردار اور دیگر عالمی امور پر جس طرح بات کی وہ ایک مدبر سیاسی رہنما ہی کر سکتا ہے۔

قائدحزب اختلاف نے کہا کہ اس وقت ملک و قوم کو ایک ایسے ہی زیرک رہنما کی ضرورت ہے جو ملکی مسائل کے ساتھ ساتھ عالمی امور پر بھی گہری نظر رکھتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات ثابت شدہ ہے کہ پاک بھارت تعلقات مودی کے منفی کردار کے وجہ سے معمول پر نہیں آرہے اور ان کے اقتدار میں آنے کے بعد ہماری سرحدوں پر غیر معمولی دباو بڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام اور میڈیا کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے بلاول بھٹو کی عالمی سطح پر کی گئی بات چیت کو پذیرائی بخشی۔