وزیر اعلیٰ بلوچستان کی گو ادر انڈسٹریل اسٹیٹ میں حقیقی سرمایہ کاروں شفاف طریقہ سیپلاٹوں کی الاٹمنٹ کے حوالے سے متعلقہ حکام کو ہدایت

اتوار 28 جنوری 2018 22:10

گوادر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 جنوری2018ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجونے گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ میں حقیقی سرمایہ کاروں ، صنعت کاروں اور درآمدو برآمد کنندگان کو قواعد وضوابط او شفاف طریقہ کار کے مطابق پلاٹوں کی الاٹمنٹ یقینی بنانے اور اس حوالے سے شکایات کے فوری ازالے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گوادر پورٹ اور سی پیک کے تناظر میں صنعت کاری کے فروغ سے علاقے اور صوبے میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہونے جارہا ہے۔

اس کے لئے ضروری ہے کہ تمام متعلقہ امور کو بروقت اور شفافیت کے ساتھ تیزی سے آگے بڑھایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے امور کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

متعلقہ حکام کی جانب سے اجلاس کو بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزراء میر عاصم کرد گیلو، میر سرفراز بگٹی،رکن صوبائی اسمبلی میر حمل کلتی صوبائی مشیر میر کہدہ بابر اور دیگر متعلقہ حکام اجلاس میں شریک تھے۔

وزیر اعلیٰ نے اس امر کو افسوسناک قرار دیا کہ طویل مدت گزرنے کے بعد بھی صنعت کاری اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے قائم کی گئی انڈسٹریل اسٹیٹ میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر مکمل نہیں ہوسکی جو صنعتوں کے قیام کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعت کاری کے فروغ سے روزگاری کے مواقعوں میں اضافہ ممکن تھا جس سے گوادر کے عام آدمی کی زندگی میں خوشحالی آسکتی لیکن ماضی کی حکومتوں اور متعلقہ حکام کی عدم توجہی کے باعث ابھی تک انڈسٹریل اسٹیٹ فعال نہ ہوسکی۔

وزیر اعلیٰ نے کہاکہ گوادر بندرگاہ کی تکمیل اور سی پیک کے زریعہ ہم نیا گوادر بسانے جارہے ہیں۔ جہاں فری زون قائم ہوچکا ہے اور سرمایہ کار گوادر کا رخ کر رہے ہیں ۔ اگر آج انڈسٹریل ا سٹیٹ مکمل اور فعال ہوچکی ہوتی تو صنعتیں بھی قائم ہونا شروع ہوجاتیں۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو انڈسٹریل اسٹیٹ میں بجلی پانی اور دیگر بنیادی ڈھانچہ کی فوری فراہمی اور حقیقی سرمایہ کاروں کو حوصلہ افزائی اور اعتماد کی بحالی کے لئے صنعتی اور تجارتی پلاٹوں کی شفاف الاٹمنٹ کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :