پہلا پنجاب فوڈ اتھارٹی آل پاکستان سکوائش ٹورنامنٹ اختتام پذیر ،ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے انعامات تقسیم کئے

انڈر 13 اور 15 میں پہلی اور دوسری پوزیشن کوئٹہ ،تیسری پوزیشن پنجاب نے حاصل کی اوّل کو ایک لاکھ، دوئم کو 80 ، سوئم پوزیشن حاصل کرنیوالے کو 50 ہزار انعام دیا گیا

اتوار 28 جنوری 2018 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 جنوری2018ء) پہلا پنجاب فوڈ اتھارٹی آل پاکستان سکوائش ٹورنامنٹ سیمی فائنل اور فائنل مقابلوں کے ساتھ لاہور میں اختتام پذیر ہوگیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل اور ڈی سی لاہور سمیر احمد سید نے جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ انڈر 13 اور انڈر 15 میں پہلی اور دوسری پوزیشن کوئٹہ، بلوچتان کے کھلاڑیوں جبکہ تیسری پوزیشن لاہور ،پنجاب کے کھلاڑیوں نے حاصل کی۔

اول پوزیشن کو ایک لاکھ، دوئم کو 80 جبکہ سوئم کو 50 ہزار انعام دیا گیا۔ ملک بھر سے 100 سے زائد کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ میں حصہ لیا۔ 26 جنوری سے شروع ہونے والا ٹورنامنٹکل اختتام پذیر ہوا۔تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورلامین مینگل نے کہاکہ ٹورنامنٹ سے سکوائش کا بہترین ٹیلنٹ سامنے آیا ہے۔

(جاری ہے)

جیتنے والے کھلاڑیوں کو قومی سطح کے کیمپس کو ریفر کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ٹورنامنٹ انڈسٹری کے ساتھ مل کر کارپوریٹ سوشل ذمہ داری کے تحت کروایا۔ کھیلوں کے فروغ سے صحت مند معاشرے کے ہدف کا حصول آسان ہو گا۔ کھیلوں کو فروغ دے کر پنجاب فوڈ اتھارٹی عوامی آگاہی کا مقصد بھی حاصل کرے گی۔ انڈسٹری کو کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے تحت آگاہی اور کھیلوں کے فروغ کا پابند کر رہے ہیں۔ کھیلوں کا فروغ سپانسرشپ کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ کھیلوں کے فروغ سے کھلاڑیوں کا مستقبل محفوظ ہو گا۔