مقامی لوگوں کے تحفظات دور کئے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا، میر عبدالقدوس بزنجو

منشیات ناسور ہے اس کی روک تھام کیلئے صوبائی حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان کا کھلی کچہری سے خطاب

اتوار 28 جنوری 2018 21:35

ْگوادر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 جنوری2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ مقامی لوگوں کے تحفظات دور کئے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا، عوامی نمائندہ ہوں عوام کے درمیان جانے میں خوشی محسوس کرتا ہوں، گوادر میں لوگوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانون سازی کریں گے، لوگوں کے درمیان جانا ، ان کے مسائل سننا اور انہیں حل کرنا ہی اصل حکمرانی ہے۔

وہ اتوار کو وزیراعلیٰ ہاؤس گوادر میں کھلی کچہری میں لوگوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی، وزیرتعمیرات و مواصلات میر عاصم کرد گیلو، رکن صوبائی اسمبلی میر حمل کلمتی ، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے جی ڈی اے و بی سی ڈی اے میر کہدہ بابر، ایم ایف اے انجینئر عثمان بادینی ، آجی جی بلوچستان معظم جاہ انصاری، کمشنر مکران بشیر احمد بنگلزئی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے، کھلی کچہری کے موقع پر لوگوںنے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو اپنے اپنے مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا اور ان کے حل کے لیے ان سے اپیل کی، اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے موقع پر متعدد درخواستوں پر فوری طور پر عملدرآمد کے احکامات جاری کئے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی طرف سے بنیادی حقوق کا مطالبہ کرنا کوئی جرم نہیں ، صوبائی حکومت لوگوں کے تمام جائز بنیادی حقوق کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی، عوامی شکایات پر منشیات کی روک تھام کے لیے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ منشیات معاشرے کے لیے ایک ناسور ہے اور اس کی روک تھام اور مکمل خاتمے کے لیے صوبائی حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، اس سلسلے میں ضلعی پولیس آفیسر اور ڈپٹی کمشنر گوادر کو فوری طور پر ہدایات جاری کرتے کہا کہ ایک ہفتہ کے اندر اندر منشیات کے خاتمہ سے متعلق رپورٹ انہیں پیش کی جائے بصورت دیگر دوسری مرتبہ عوامی شکایات کی صورت میں متعلقہ محکموں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی، دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان نے گوادر شہر کا دورہ کیا اور لوگوں سے گھل مل گئے اور لوگوں کے مسائل معلوم کئے، اس سلسلے میں عوامی شکایات پر گوادر شہر میں صفائی کی ناقص صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ لوکل گورنمنٹ اور ڈپٹی کمشنر کو فوری طور پر ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گوادر شہر میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے بھرپور اقدامات کئے جائیں اس سلسلے میں میونسپل کمیٹی گوادر کو صفائی کے لیے تمام ضروری سہولیات فراہمی کی جائیں گی، اس موقع پر گوادر کے لوگوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو اچانک اپنے درمیان پاکر خوشی کا اظہار کیا اور لوگوں میں خوشی کی لہر روڈ گئی ، گوادر کے عوام نے اس امید کا اظہار بھی کیا ہے کہ نوجوان وزیراعلیٰ بلوچستان گوادر کے مسائل کو ترجیحی بنیادو پر حل کریں گے۔

متعلقہ عنوان :