پاکستان چین ساختہ ڈرون استعمال کررہا ہے،بھارت کا واویلا ،چودہ میٹر پروں والے کثیر المقاصد ڈرون بھرپور حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں

رفتار 280کلومیٹر فی گھنٹہ، رینج 5000کلومیٹر ہے ،20گھنٹے تک کارروائی کرسکتا ہے ہوا سے زمین پر مار کرنے والی100کلووزنی بم اور میزائل کے ساتھ پرواز کر سکتا ہے

اتوار 28 جنوری 2018 21:23

پاکستان چین ساختہ ڈرون استعمال کررہا ہے،بھارت کا واویلا ،چودہ میٹر ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 جنوری2018ء) بھارت نے ایک بار پھر الزام لگایا ہے کہ پاکستان کے پاس درمیانے سائز کے فالکو ۔شاہپر اور براق ڈرون کا پورا بیڑا موجود ہے ،سیٹلائٹ کی تصویروں او ر دیگر کئی رپورٹس سے پتہ چلتا ہے کہ پاکستان چین کے تیار کردہ کثیر المقاصد ڈرون ونگ لونگ ون استعمال کررہا ہے جو بھارت کیخلاف جارحانہ کارروائیاں کرسکتے ہیں ۔

بھارتی دفاعی ماہرین کے مطابق 24نومبر 2017ء کو پاکستان کے ایم ایم عالم ہوائی اڈے میانوالی کی سیٹلائٹ تصویروں سے پتہ چلتا ہے کہ پاکستان کے پاس چین کے بنے ہوئے ونگ لونگ ون ڈرون موجود ہیں ، اس قسم کی ایک رپورٹ برڈ کالج امریکہ میں مطالعہ کیلئے پیش کی گئی جس کا تجزیہ کرنے پر پتہ چلا کہ اس کے پر چودہ میٹر سائز کے ہیں ، وی ٹیل ونگ لونگ ون سے ملتی جلتی ہے ، اتنے پروں والا ڈرون دنیا میں اور کہیں نہیں ہے، اس کی رفتار 280کلومیٹر فی گھنٹہ ہے اور اس کا رینج 5000کلومیٹر ہے جبکہ یہ 20گھنٹے تک کارروائی کرسکتا ہے، یہ ڈرون ہوا سے زمین پر مار کرنے والی100کلووزنی ہتھیار کے ساتھ پرواز کر سکتا ہے جس میں بم اور میزائل بھی شامل ہیں ، اس ڈرون کو موبائل کے ذریعے کنٹرول کیا جا سکتا ہے اور یہ کسی انسان کے بغیر بھی اڑایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس پر ایک اعلیٰ بھارتی فوجی نے اخبار کو بتایا ہے کہ ہم نے اس سے پہلے بھی اس قسم کی رپورٹس ملی تھیں اور اس سلسلے میں ہم ضروری اقدامات کررہے ہیں ،بھارت بھی ڈرونز ایک بڑا بیڑا رکھتا ہے جو کہ حملہ کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے ، یہ ڈرون اسرائیل اور امریکہ سے حاصل کئے گئے، یہ امریکی ڈرون عراق میں بھی استعمال کئے گئے جبکہ افغان پاکستان ریجن میں بھی استعمال کئے گئے ہیں ، بھارت یہ ڈرون نکسل باڑی سے متاثرہ علاقوں میں بھی استعمال کرتا ہے۔