کانگو میں عسکریت پسندوں کا حملہ، امن مشن میں شامل پاکستانی فوجی شہید،اقوام متحدہ کی شدید مذمت

واقعے کے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، کانگو کی حکومت کے ساتھ تنا ئوکے باوجود ملک کے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی، سیکریٹری جنرل انٹونیو گوئٹریش

اتوار 28 جنوری 2018 21:20

کانگو میں عسکریت پسندوں کا حملہ، امن مشن میں شامل پاکستانی فوجی شہید،اقوام ..
کنشاسا/نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 جنوری2018ء) کانگو میں عسکریت پسندوں کے حملے میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں شامل ایک پاکستانی فوجی شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق کانگو کے جنوبی صوبے کیوو میں ایک مسلح گروپ کے جنگجوں نے گھات لگا کر اقوام متحدہ کے امن مشن پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک پاکستانی فوجی شہید ہوگیا۔

ترجمان اقوام متحدہ نے واقعے کی تصدیق کردی ہے۔علاوہ ازیں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق کانگو کے جنوبی صوبہ کیوو کے علاقہ براکا میں مسلح باغیوں نے پاکستانی امن مشن کے قافلے پر حملہ کیا، فائرنگ کے تبادلے میں نائیک نعیم رضا شہید اور سپاہی بلال زخمی ہوگیا۔ پاکستانی اہلکاروں کی موثر جوابی کارروائی سے مسلح باغیوں کا حملہ پسپا کردیا گیا۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق اقوام متحدہ امن مشن میں پاکستان کے 156 اہلکار شہید ہوچکے ہیں۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوئٹریش نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، کانگو کی حکومت کے ساتھ تنا کے باوجود ملک کے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے امن مشن میں تعینات پاکستانی جوان کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ زخمی جوانوں کی جلد صحت یابی کیلیے دعاگو ہیں۔

متعلقہ عنوان :