Live Updates

کراچی،پولیس میں جرائم پیشہ افراد کو بھرتی کرکے پولیس کو تباہ کردیا گیا ہے،عمران خان

میں چھٹیاں منانے کراچی آتا تھا، دبئی کے شیخ بھی چھٹیاں گزارنے کراچی آیا کرتے تھے، آج کراچی گندگی کا ڈھیر بن چکا ہے، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف

اتوار 28 جنوری 2018 21:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جنوری2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پولیس میں جرائم پیشہ افراد کو بھرتی کرکے پولیس کو تباہ کردیا گیا ہے۔ میں چھٹیاں منانے کراچی آتا تھا۔ دبئی کے شیخ بھی چھٹیاں گزارنے کراچی آیا کرتے تھے۔ آج کراچی گندگی کا ڈھیر بن چکا ہے۔ کراچی تباہ نہ ہوتا تو دبئی بن سکتا تھا۔

کراچی کے مئیر کا انتخاب براہ راست ہونا چاہئے۔ لوکل گورنمنٹ کے پاس اختیار نہیں ہے۔کراچی سندھ اورپنجاب پولیس کو سیاسی مداخلت نے تباہ کیا ہے۔ کے پی کے کی پولیس غیر سیاسی ہے۔ آلودگی کراچی اور نئی نسل کے لیے خطرہ بن چکاہے۔ آلودگی کے خاتمے کے لیے ہم کراچی میں بھی درخت لگانا چاہتے ہیں۔ یہ باتیں چیئرمین تحریک انصاف نے رمادا ہوٹل میں پی ٹی آئی کے مارکیٹنگ ایونٹ کے موقعے پر کہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ میں مارکیٹنگ کی ٹیم کو مبارک باد دیتا ہوں کہ انہوں نے تحریک انصاف کا پیغام کراچی میں پہنچایا۔ کراچی کا مسئلہ یہ ہے کہ کوئی اس شہر کو اپنا شہر نہیں سمجھتا۔ کراچی میں اندرون سندھ اور دوسرے حصوں سے حکومتیں بنیں۔ براہ راست انتخابات سے کراچی کی حکومت کو بہتر کیا جا سکتا ہے، جیسا کہ لندن میں ہوتا ہے۔ گندگی سمیت کراچی میں ماحولیات کا مسئلہ سنگین ہے۔

پہلی بار پختونخواہ کی حکومت نے ماحولیات کو بہتر کرنے کے لیئے منصوبہ شروع کیا۔شہر میں پانی کا مسئلہ لوکل گورنمنٹ حل کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اگلے ماہ کراچی میں درخت لگانے کی مہم کا آغاز کریں گے۔ہم نے کے پی کے میں ایک ارب درخت لگائے۔کراچی میں بھی10 لاکھ درخت تحریک انصاف کی جانب سے لگائے جائیں گے۔ اس موقعے پر پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین عمران خان کراچی شہر کو پی ٹی آئی کا شہر کہتے ہیں اور ہم ثابت کرکے بھی دکھائیں گے کہ کراچی شہر تحریک انصاف کا ہی شہر ہے۔

دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان زبیدہ آپا کے گھر ڈی ایچ اے گئے اور اہل خانہ سے تعزیت کی۔ انہوں نے کہا کہ شوبز کی دُنیا میں امورِ خانہ داری کے شعبے میں زبیدہ آپا کی گراں قدر خدمات کو بھلایا نہیں جاسکتا۔ ملک بھر میں اًن گنت خواتین زبیدہ آپا سے بالواسطہ تربیت لے کر ہی کچن کا رُخ کیا کرتی تھیں۔ مرحومہ امورِ خانہ داری کی ماہر اور انتہائی نفیس خاتون تھیں۔

ان کی وفات پر پوری قوم کو افسوس ہے۔ ان کا خلا کبھی پر نہیں کیاجاسکتا۔ ہماری دعا ہے کہ خدا ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ پوری پاکستانی قوم زبیدہ آپا سے بے انتہا محبت و عقیدت رکھتی ہے۔ زبیدہ آپا کو ہمیشہ اچھے لفظوں میں یاد کیا جائے گا۔ ان کے معاشرے پر بے شمار احسانات ہیں ۔ معاشرہ انہیں کبھی فراموش نہیں کرسکتا۔ زبیدہ آپا پاکستان کا انمول سرمایہ تھیں ۔ دُعا ہے خدا ان کے درجات میں اضافہ فرمائی
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات