کراچی،باغ ابن قاسم اور ایم ایم عالم روڈ پر تجرباتی بنیاد پر سولر پاور لائٹس لگائی جائیں گی،وسیم اختر

تاکہ اخراجات کی کمی کے ساتھ ساتھ پارکوں اور سڑکوں پر روشنی کا انتظام کیا جاسکے اگر یہ تجربہ کامیابی سے ہمکنار ہوا تو بتدریج پارکوں، سڑکوں اور کھیل کے میدانوں میں سولر پاور لائٹس کے ذریعے روشنی کا انتظام کیا جائے گا،میئر کراچی

اتوار 28 جنوری 2018 21:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جنوری2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ باغ ابن قاسم اور ایم ایم عالم روڈ پر تجرباتی بنیاد پر سولر پاور لائٹس لگائی جائیں گی تاکہ اخراجات کی کمی کے ساتھ ساتھ پارکوں اور سڑکوں پر روشنی کا انتظام کیا جاسکے اگر یہ تجربہ کامیابی سے ہمکنار ہوا تو بتدریج پارکوں، سڑکوں اور کھیل کے میدانوں میں سولر پاور لائٹس کے ذریعے روشنی کا انتظام کیا جائے گاجس سے کے ایم سی کو کروڑوں روپے ماہانہ کی بچت ہوگی یہ بات انہوں نے سولر پاور لائٹس سے متعلق مقامی کمپنی کی جانب سے دی گئی ایک بریفنگ کے موقع پر کیا، میونسپل کمشنر ڈاکٹر اصغر عباس، میئر کراچی کے مشیر فرحت خان، ورکس کمیٹی کے چیئرمین حسن نقوی،الیکٹریکل اینڈ میکنیکل کمیٹی کے چیئرمین خالد الدین ، ڈائریکٹر جنرل ورکس شہاب انور، ڈائریکٹر ٹیکنیکل میئر سیکریٹریٹ ایس ایم شکیب اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کے پارکوں کو روشن رکھنا اور اسٹریٹ لائٹس کی فراہمی کے ایم سی کی بنیادی ذمہ داریوں میں سے ہے اور دنیا بھر میں سولر پاور لائٹس کی فراہمی کا تجربہ انتہائی کامیاب رہا ہے، اسلام آباد میں واقع فاطمہ جناح پارک کو بھی سولر لائٹس سے روشنی فراہم کی جا رہی ہے جو انتہائی کامیاب ہے ، کراچی میں تاحال سولر لائٹس کی فراہمی پر کام نہیں ہوا اس لئے مقامی کمپنیوں کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ سولر پاور لائٹس کی فراہمی کے لئے اپنی تجاویز دیں، انہوں نے کہا کہ بجلی کے ٹیرف انتہائی زیادہ ہیں اور ماہانہ کروڑوں روپے اسٹریٹ لائٹس کو روشن رکھنے کی مد میں ادا کئے جاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ رات کے اوقات میں اگر پارکس میں مناسب روشنی کا انتظام نہ ہوتو شہری پارکوں کا رخ نہیں کرتے اور پارکوں کی افادیت ختم ہو کر رہ جاتی ہے، انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ لائٹس روشن نہ ہونے کے باعث اسٹریٹ کرائم میں اضافہ ہوتا ہے اور شہریوں کو جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑتاہے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے مقامی کمپنی کے سی ای او نے بتایا کہ باغ ابن قاسم میں 540 کلو واٹ کی کھپت ہے اور یہ باآسانی سولر پاور انسٹالیشن کے ذریعے حاصل کی جاسکتی ہے ، باغ ابن قاسم کو مکمل طور پر روشن رکھنے کے لئے 3 ہزار 885 سولر پاور پینل لگانے ہوں گے جو باغ ابن قاسم کو ہفتے کے ساتوں دن روشن رکھ سکیں گے انہوں نے بریفنگ میں بتایا کہ ایم ایم عالم روڈ 9.3 کلو میٹر طویل ہے اور اگر اسے سولر پاور لائٹس کے ذریعے روشن کیا جائے تو بجلی کی مد میں ماہانہ لاکھوں روپے کی بچت ہوسکتی ہے ، بریفنگ میں بتایا کہ کے کمپنی انسٹالیشن کی مینٹی نینس اور تمام اخراجات کی ذمہ دار ہوگی اور اس پر کسی بھی قسم کے اضافی اخراجات نہیں کرنا ہوں گے، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ وہ اس شہر کو ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنانا چاہتے ہیں اور جو ادارے ان کی اس سلسلے میں مدد کرسکتے ہیں وہ آگے آئیں بلدیہ عظمیٰ کراچی انہیں ہر ممکن تعاون اور وسائل فراہم کرے گی، انہوں نے کہا کہ کراچی کو اپنا سمجھنے کی ضرورت ہے اور شہریوں کو اپنی مدد آپ کے تحت اقدامات کرنا ہوں گے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے اس شہر کو لاوارث چھوڑ دیا ہے اور یہ شہر مسلسل پیچھے کی جانب سفر کر رہا ہے، شہر کی سڑکیں تباہ ہیں، ٹریفک کا بے ہنگم اژدھام ہے تمام بڑے منصوبے حکومت سندھ نے اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں جس کے باعث کراچی کے شہری بے شمار مسائل کا شکار ہوچکے ہیں اب اگر اداروں اور حکومت نے اپنی ذمہ داری پوری نہ کی اور شہر کو ترقی کی طرف گامزن نہیں کیا تو یہ شہر کھنڈر بن جائے گا جسے آنے والے وقت میں سنبھالنا اور بھی مشکل ہوگا، میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے پاس جو وسائل اور فنڈ موجود ہیں وہ شہریوں کی امانت ہیں اور ایک ایک پائی اس شہر پر خرچ کی جائے گی، ہم نے سڑکوں کے دو دو کروڑ روپے کے منصوبے شروع کر رکھے ہیں اور جہاں انتہائی ضروری ہے وہاں سڑکوں کی استرکاری اور ازسرنو تعمیر کی جارہی ہے تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے، انہوں نے کہا کہ اب سولر پاور لائٹس سے ان سڑکوں کو روشن کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور جلد ہی شہریوں کو اندھیرے کے عذاب سے نجات ملے گی�

(جاری ہے)

#

متعلقہ عنوان :