حیدرآباد،کراچی اور حیدرآباد کو نظرانداز کیا جاتا رہا، صوبہ پنجاب میں کئی ائیرپورٹ ہیں جبکہ حیدرآباد کا ائیرپورٹ بھی بند کردیا گیا ہے،کامران ٹیسوری

ایم کیوایم پاکستان پر اعتماد کے راستے کھلنا شروع ہوگئے ہیں،پہلے بھی ایم کیوایم عوام کی جماعت تھی آئندہ بھی ان ہی لوگوں کو ایم پی اے، ایم این اے اور سینیٹر بنائیں گے جو ایم کیوایم سے جڑے رہے ہیں ہم اس ملک کو بچانا چاہتے ہیں اور اسی لئے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، ایم کیوایم نے راؤ انوار کے ظلم کے حوالے سے اپنا فیصلہ اللہ پر چھوڑ دیا ہے،وائس چیئرمین متحدہ قومی موومنٹ کی پریس کانفرنس

اتوار 28 جنوری 2018 20:52

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جنوری2018ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وائس چیئرمین کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد کو نظرانداز کیا جاتا رہا۔ صوبہ پنجاب میں کئی ائیرپورٹ ہیں جبکہ حیدرآباد کا ائیرپورٹ بھی بند کردیا گیا ہے۔ ہم اس ملک کو بچانا چاہتے ہیں اور اسی لئے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وہ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

ان کے ہمراہ زونل انچارج راشد خلجی، رُکن قومی اسمبلی وسیم حسین اور دیگر بھی موجود تھے۔ کامران ٹیسوری نے کہاکہ ایم کیوایم نے راؤ انوار کے ظلم کے حوالے سے اپنا فیصلہ اللہ پر چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم پاکستان پر اعتماد کے راستے کھلنا شروع ہوگئے ہیں ۔ پہلے بھی ایم کیوایم عوام کی جماعت تھی آئندہ بھی ان ہی لوگوں کو ایم پی اے، ایم این اے اور سینیٹر بنائیں گے جو ایم کیوایم سے جڑے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اور کسی مجبوری میں پارٹی چھوڑ کر جانے والوں کو بھی دوبارہ پارٹی میں شامل ہونے کی دعوت دیتا ہوں اس کیلئے ایک کمیٹی بنادی ہے جو پارٹی چھوڑ کرجانے والوں سے رابطے کرکے انہیں پارٹی میں شمولیت کی دعوت دے گی۔انہوں نے کہاکہ ایس ایس پی ملیر راؤ انوار پولیس کا چھوٹا ملازم ہے جس کی حیثیت کو بڑھایا گیا اور اس نے غیرقانونی کام کیا ہے۔ بہت سارے مہاجروں کو جعلی پولیس مقابلے میں مارا اسے پھانسی دی جائے۔

انہوں نے کہاکہ راؤ انوار کے غیرقانونی کام آہستہ آہستہ سامنے آرہے ہیں۔ ایک پختون کو جعلی مقابلے میں مارا تو اس کیخلاف کارروائی ہوئی لیکن اس کی جگہ کسی مہاجر کو مار دیا جاتا تو دو گھنٹے میں بات دب چکی ہوتی۔ پیپلزپارٹی یا کوئی بلڈر جو راؤ انوار کی سپورٹ کررہے ہیں ان کے گھروں میں بھی نقیب ہیں کل یہ ان کے بیٹوں کو بھی مار سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی اور حیدرآباد کو نظرانداز کیا جاتا رہا۔

پنجاب کے ایک ہی صوبے میں کئی ائیرپورٹ ہیں جبکہ حیدرآباد کا ائیرپورٹ بھی بند کردیا گیا ہے۔ ہم اس ملک کو بچانا چاہتے ہیں اور اسی لئے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 17ماہ بعد حیدرآباد کا زونل آفس کھلواکر کامیابی حاصل کی ہے ، طویل جدوجہد کے بعد ہمیں یہ دن د یکھنا نصیب ہوا ۔ چیف جسٹس نے بھی ہمارے مسائل کا نوٹس لیا ہے اور ہماری پٹیشن کے بعد میئر کراچی وسیم اختر کو بلواکر سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کے ایم سی کے حوالے کردیا ہے جو ہماری کامیابی ہے ۔