وزیر اعظم نے لیاری ایکسپریس وے کے نارتھ باؤنڈ کیرج کا افتتاح کر دیا

کراچی پاکستان کیلئے دل کی حیثیت رکھتا ہے کراچی ترقی نہیں کرے گا تو پاکستان بھی ترقی نہیں کرے گا ،وزیراعظم کا افتتاحی تقریب سے خطاب

اتوار 28 جنوری 2018 20:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جنوری2018ء) وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کے لئے دل کی حیثیت رکھتا ہے ،اگر کراچی ترقی نہیں کرے گا تو پاکستان بھی ترقی نہیں کرے گا۔شاہد خاقان عباسی کراچی میں لیاری ایکسپریس وے کے نارتھ باؤنڈ کیرج کا افتتاح کے بعد افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے ، تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ،گورنرسندھ محمد زبیر،میئر کراچی سید وسیم اختر، سمیت مختلف حکومتی و اعلیٰ سرکاری افسران بھی شریک تھے۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ ابھی ابتداء ہے ابھی کراچی کیلئے بہت سی اسکیمیں باقی ہیں ،ابھی اسپتال بنانے ہیں ،سڑکیں بنانی ہیں ،ٹریفک کے نظام کر بہترکرنا ہے ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے ہیں،یہ تمام چیزیں مل کر کراچی کے مسائل حل کریں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لیاری ایکسپریس منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا ،منصوبہ مختلف مشکلات کا شکار رہا جس میں تکنیکی اور تجاوزات جیسی رکاوٹیں تھیں ، جس سے اس کی لاگت میں اضافہ ہوا،منصوبوں میں تاخیر کی قیمت ادا کرنی پڑتی ہے، اس کے باوجود آج لیاری ایکسپریس وے منصوبے کو مکمل کر لیا گیا ہے اور بدقسمتی ہے کہ کراچی کی عوام کو 10 سال انتظار کرنا پڑا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ جمہوریت آگے بڑھ رہی ہے ،جولائی میں الیکشن ہوں گے،پاکستان کے عوام فیصلہ کریں گے اور جسے عوام سلیکٹ کریں گے وہ جولائی کے آخر میں حکومت بنائے گا،جمہوریت کا تسلسل قائم رہے گا تو پاکستان ترقی کرے گا،یہی سبق قائد اعظم نے بھی دیا تھا اور یہی وہ سبق ہے جو ساری دنیا نے اپنایا ہے ،وزیر اعظم نے کہاکہ سندھ حکومت اور شہری حکومت بھی اپنا کام کررہی ہیں ،وفاقی حکومت بھی اپنا حصہ ڈال رہی ہے ، گورنر سندھ کو25 ارب کا کراچی کیلیے پیکج دیا ہے ،کراچی سب کا شہر ہے سب کو مل کر کام کرنا ہے اور کراچی کے مسائل کو حل کرنا ہے۔

ہماری کوشش ہے کہ حکومت کی پالیسی اور پراجیکٹس سیاسی تبدیلی سے بالاتر ہوں،الیکشن ہوتے رہیں گے سیاسی حکومتیں آتی رہیں گی،لیکن پراجیکٹس چلتے رہیں ،کرپشن نہ ہو ،شفافیت ہو،یہی وہ نظام ہے جس سے ملک ترقی کرے گا،اس میں کوئی شارٹ کٹ نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کے لئے دل کی حیثیت رکھتا ہے ،اگر کراچی ترقی نہیں کرے گا تو پاکستان بھی ترقی نہیں کرے گا،ہم کراچی کی ترقی کیلئے پرعزم ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل کوٹاسک دیا ہے کہ وہ جو بھی کراچی کی ترقی کیلئے کام کرسکیں وہ کریں ۔تاکہ کراچی کے مسائل کم ہوسکیں ،شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ سی پیک کا منصوبہ سب کے سامنے ہے ،آج سڑکیں بن رہی ہیں پاورپلانٹس بن رہے ہیں پورٹس بن رہے ہیں ،ایئرپورٹس بن رہے ہیں ،ریلوے کے نظام کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے ،اس سے ہماری معیشت مضبوط ہوگی،نوکریوں کے موقع میسر آئیں گے،اسی سے اکانومی بڑھتی ہے ۔

ویسٹرن کوریڈور میں جو کام ہورہا ہے اس سے پورے ملک کو فائدہ ہوگا اور پورے ملک میں خوشحالی آئے گی،یہ پراجیکٹس پاکستان کی ڈائنیمکس کو تبدیل کردیں گے،آج وسطی ایشیاء کی ریاستیں بھی ہماری جانب دیکھ رہی ہیں اور افغانستان بھی ہماری طرف دیکھ رہاہے ۔واضح رہے کہ لیاری ایکسپریس وے کا منصوبہ انتہائی سست روی کا شکار رہا،مکمل ہونے میں 15 سال لگ گئے،لیاری ایکسپریس وے 38 کلو میٹر طویل منصوبہ ہے،لیاری ایکسپریس وے چارانٹر چینجز پر مشتمل ہے،منصوبہ سہراب گوٹھ،سرشاہ سلیمان،منگھوپیر اور ماڑی پورانٹر چینج پر مشتمل ہے،20 پل بھی لیاری ایکسپریس وے کا حصہ ہیں،لیاری ایکسپریس وے منصوبے کا آغاز11مئی 2002 میں ہوا،لیاری ایکسپریس وے منصوبے کی تکمیل 8نومبر 2004 میں ہونا تھی۔

یہ منصوبہ 5.1 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونا تھا لیکن 15 سال میں مکمل نہ ہوسکا تھا اور اب یہ منصوبہ 23 ارب روپے سے زائد کی لاگت تکمیل کو پہنچا ہے۔جبکہ لیاری ایکسپریس وے کے شمالی حصے کا افتتاح اب جاکر ہوا ہے