آئی جی پولیس خیبرپختونخوا کے حکم پر ایبٹ آباد پولیس نے 11 سالہ بچی کی موت کی انکوائری شروع کردی

12سالہ بچی مصباح تحریک انصاف کے صوبائی وزیر کے بھائی کے گھر پراسرار طورپر جاں بحق ہوگئی تھی

اتوار 28 جنوری 2018 20:00

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جنوری2018ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا صلاح الدین محسود کے حکم پر ایبٹ آباد پولیس نے 11 سالہ بچی کی موت کی انکوائری شروع کردی ہے۔ ایبٹ آباد پولیس کے مطابق مصباح دختر کامران اپنی بڑی بہن کے ہمراہ بطور گھریلو ملازمہ تحریک انصاف کے صوبائی وزیرکے بھائی کے گھر میں کام کرتی تھی۔

25 جنوری 2018ء کوفروٹ کھانے کے بعد اس کی طبیعت اچانک خراب ہوئی اوراس کو ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبرنہ ہو سکی۔

(جاری ہے)

بچی کو سانس کی موروثی بیماری تھی۔ ایک ماہ قبل اس کا چار سالہ بھائی سانس کی بیماری سے فوت ہو چکا ہے۔ بچی کا ایک بھائی اور بہن اب بھی اسی بیماری میں مبتلا ہیں۔ بچی کی میڈیکل رپورٹ موصول ہونے کے بعد تفتیش کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ پولیس کو اب تک بچی کے لواحقین کی طرف سے قانونی کارروائی کیلئے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی ہے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا صلاح الدین محسودنے ڈی آئی جی ہزارہ اور ڈی پی او ایبٹ آباد کو واقعہ کی شفاف انکوائری اور انصاف کے تقاضہ پور ے کر نے کی ہدایت کر دی۔