نیوزی لینڈ کی پولیس نےاوور سپیڈنگ پر جرمانے سے بچنے کا انتہائی سادہ سا ”جگاڑ“ بتا دیا

Ameen Akbar امین اکبر ہفتہ 27 جنوری 2018 23:43

نیوزی لینڈ کی پولیس نےاوور سپیڈنگ پر جرمانے سے بچنے کا انتہائی سادہ ..

جب لوگ  اووراسپیڈ کی وجہ سے پکڑے جاتے ہیں تو ان کے پاس بہانوں کی ایک لمبی لسٹ ہوتی ہے جسے وہ خود کو جرمانے سے بچانے کے لیے اختیار کرتے ہیں۔  کچھ کہتے ہیں کہ انہیں دیر ہو رہی تھی یا بچے کی پیدائش کے سلسلے میں ان کی بیوی ہسپتال میں ہے یا پھر ان کا پیر پھسل گیا اور انہیں اسپیڈ بڑھنے کا اندازہ نہیں ہوا۔
بہانہ یا وجہ چاہے کوئی بھی ہو،پولیس والے آسانی سے جان نہیں چھوڑتے۔

پولیس والے  کسی اچھے مقصد کے تحت ہی کرتے ہیں کیونکہ اسپیڈ کی حد قائم رکھنا نہایت سنجیدہ نوعیت کا مسئلہ ہے۔ لیکن نیوزی لینڈ کی ویکاٹو پولیس اوور سپیڈنگ  پر ڈرائیور کو پکڑ پکڑ کر تھک چکی ہے۔انہوں نے اس مسئلہ کے حل کے لیے لوگوں کو ایک سادہ سا جگاڑ بتایا ہےاور عوام کو کہا ہے کہ اس پر عمل کرنے سے ڈرائیور پولیس سے محفوظ رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے  فیس بک پیج پر اس سادہ سے حل کو ان  الفاظ میں  لکھا ہے:
"ایک آن لائن ویب سائٹ آپ کو ایک ایسا طریقہ بتاتی ہے جس کو جاننے کے بعد آپ کو اسپیڈ کے مسئلہ پر پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں رہے گی۔

 
یہ واقعتاً بہت شاندار ٹپ ہے۔ اس کی سب سے بہترین بات یہ ہے کہ یہ بین الاقوامی سطح پر بھی قابل عمل ہے، دنیا کے کسی بھی ملک میں اس پر عمل کیا جا سکتا ہے۔
1.    سڑک پر لگے حد رفتار کے اشارے دیکھیں ۔ اس اشارے پر لکھے  نمبر سے آپ کو یہ پتہ چلتا ہے کہ آپ اس سڑک پر  اپنی رفتار زیادہ سے زیادہ کتنی رکھ سکتے ہیں۔ پھر  چاہے آپ پیدل ہوں، بائیک پر ہوں یا کار میں ہوں ، آپ زیادہ سے زیادہ اسی رفتار پر جا سکتے ہیں۔


2.     اپنی کار کا اسپیڈو میٹر تلاش کریں۔زیادہ تر یہ ڈرائیور کی سیٹ کے بالکل سامنے ڈیش بورڈ پر ہوتا ہے۔ اس پر ایک تیر اس نمبر کی طرف اشارہ کرتا ہے جو آپ کی گاڑی کی موجودہ رفتار ہوتی ہے۔ نئی کاروں میں بعض اوقات اسپیڈ کو ہندسوں کی شکل میں نمبرز کے ساتھ ظاہر کیا جاتا ہے۔
3.     یہ آخری پوائنٹ سب سے مشکل کام ثابت ہوتا ہے۔ اپنی گاڑی کی اسپیڈ کو سڑک پر لگے اسپیڈ نمبر پر ایڈجسٹ کر دیں۔

اگر آپ  اپنی رفتار اس نمبر سے آگے  نہیں بڑھاتے تو پولیس آپ پر جرمانہ عائد نہیں کر سکتی۔"
پوسٹ میں مزید اضافہ یہ تھا:
"عجیب بات ہے کہ بہت ہی حیران کن طور پر صرف چند لوگ ہی اس سادہ  اور زبردست ٹپ سے واقف ہیں۔اور بہترین بات یہ ہے کہ اگر آپ اس پر عمل کرتے ہیں تو آپ کو کبھی اسپیڈ بڑھنے کی وجہ سے جرمانے کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔"
بہت سے لوگ  یقیناً اس سادہ سی ترکیب کو جان کر اپنی زبان دانتوں میں دبا لیں گے۔ یہ ہے ہی سادہ سی ترکیب۔ عوام نے   فیس بک پر اس پوسٹ کو ہزاروں بار شیئر کر دیا ہے۔
کتنا سادہ سا جگاڑ ہے۔ اس پر عمل کریں  گے تو پاکستان میں بھی ٹریفک پولیس آپ کو اوور سپیڈنگ پر نہیں پکڑے گی۔