نواز شریف کا وقت قریب، کرپشن کے داغ دھونے والی لانڈری ڈھونڈرہے ہیں ‘ ڈاکٹر طاہر القادری

ڈرون حملوں،غیر ملکی دھمکیوں پر خوش ہونیوالے نا اہل نواز شریف بتائیں غیر ملکی طاقتوں سے کیاسودے بازی ہوئی ‘عدل کی بحالی کی آڑ میں اپنی بحالی کیلئے اداروں کو بلیک میل کرنیوالے ’’کک آئوٹ‘‘ ہونگے‘پانامہ لیکس میں نا اہل ہونیوالے سانحہ ماڈل ٹائون کیس میں پھانسیاں چڑھیں گے‘ سربراہ عوامی تحریک کا سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب

ہفتہ 27 جنوری 2018 21:58

نواز شریف کا وقت قریب، کرپشن کے داغ دھونے والی لانڈری ڈھونڈرہے ہیں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جنوری2018ء) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ ماڈل ٹائون کے قتل عام کے نامزد ملزم نواز شریف کا انجام قریب ہے ،انکی چیخ و پکار حالت نزع والی ہے،وہ بد حواسی میں شہر شہر نا اہلی اور کرپشن کے داغ دھونے والی لانڈری ڈھونڈ رہے ہیں جو انہیں مل نہیں رہی۔ قاتل اشرافیہ کاخدمت اور ترقی کا جعلی چورن اب کہیں نہیں بکنے والا ۔

عدل کی بحالی کی آڑ میں اپنی بحالی کیلئے اداروں کو بلیک میل کرنیوالے اب مکمل’’کک آئوٹ ‘‘ہونگے۔پٹواریوں ،مالیوں، کانسٹیبلوں کے جلسوں کی کوئی حیثیت نہیں ۔ان خیالات کااظہارانہوںنے سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں چاروں صوبوں سے سی ای سی کے ممبران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سنٹرل ایگزیکٹو کونسل نے حصول انصاف،شہباز شریف اور حواریوں کے استعفوں سے متعلق منظور کی جانیوالی قرارداد کی توثیق کی اور سربراہ عوامی تحریک کی قیادت پر اپنے غیر متزلزل اعتماد اور یقین کا اظہار کیا۔

اجلاس میںچیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین ، صدر MQI ڈاکٹر حسین محی الدین ،سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور،بریگیڈئیر(ر) اقبال احمد خان،رفیق نجم جملہ فورمز کے صدور و سیکرٹری جنرلز نے اجلاس میں شرکت کی،۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈرون حملوں اور غیر ملکی جارحیت کی دھمکیوں پر خوشی کا اظہار کرنیوالے نا اہل نواز شریف بتائیں غیر ملکی طاقتوں سے کیا سودے بازی ہوئی ہم توپہلے ہی کہتے ہیں کہ جب بھی نواز شریف گرفت میں آتے ہیں بارڈر کی صورتحال خراب ہو جاتی ہے پاکستان کے سرحدی علاقوںاور فورسز پر بلا اشتعال فائرنگ شروع ہوجاتی ہے۔

جڑانوالا میں نواز شریف اپنی ہی حکومت کے خلاف چارج شیٹ پیش کر کے اسکی جڑوں میں بیٹھ گئے۔ وزیر اعظم اوروفاقی کابینہ میں ذرا برابر بھی شرم ہے تو اسکا جواب دیںکہ ڈرون حملے کیوں ہو رہے ہیں اور بیرونی ممالک دھمکیاں کیوںدے رہے ہیں ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ ماڈل ٹائون میں بے گناہ شہریوں کے قتل عام کے نامزد ملزمان کس عدل اور انصاف کی بات کر تے ہیں پانامہ کیس میں تو جھوٹ بولنے پر کک آئوٹ ہوئے ،ماڈل ٹائون کیس میں یہ پھانسیاں چڑھیں گے، اوراب انکا انجام بہت قریب ہے۔

جسٹس باقر نجفی کمشن رپورٹ نے انکے قاتل ہونے پر مہر لگا دی۔انہوں نے کہا کہ شریف برادرن سانحہ ماڈل ٹائون کیس اور کرپشن ریفرنسز کی سزائوں سے بچنے کیلئے ہاتھ پائوں مار رہے ہیں ۔پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری آج 28جنوری کوفیڈرل کونسل کے اجلاس کی صدارت کریں گے اور دونوں اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں ہونیوالے فیصلوںا ور آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میڈیا کو بریفنگ دیں گے۔