ماورائے عدالت قتل کے سپیشلسٹ ایس ایس پی رائو انوار کو زمین کھاگئی یا آسمان نگل گیا

سندھ پولیس رائو انوار کی تلاش میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی،آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے سندھ حکومت کی اعلیٰ شخصیات کے منع کرنے کے باوجود چاروں صوبوں ، آزاد کشمیر ، گلگت کے آئی جیز ، موٹروے اورریلوے پولیس کو سرکاری لیٹر ارسال کردیا رائو انوارکی ہر صورت گرفتاری کیلئے تعاون کی درخواست کردی گئی ، نام کوائف او ر شناختی علامت بھی درج کی گئی ہیں ، ملزم کی نشاندہی کرکے گرفتار کیاجائے ، خط کا متن

ہفتہ 27 جنوری 2018 21:43

ماورائے عدالت قتل کے سپیشلسٹ ایس ایس پی رائو انوار کو زمین کھاگئی یا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جنوری2018ء) کراچی میں ماورائے عدالت قتل کے سپیشلسٹ ایس ایس پی رائو انوار کو زمین کھاگئی یا آسمان نگل گیا۔ سندھ پولیس رائو انوار کی تلاش میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی جس کے بعد آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے چاروں صوبوں ، آزاد کشمیر اور گلگت کے آئی جیز ، موٹروے اور ریلوے پولیس کو سرکاری لیٹر ارسال کیا ہے جس میں رائو انوارکی ہر صورت گرفتاری کیلئے تعاون کی درخواست کی گئی ہے۔

انتہائی باخبر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ سندھ حکومت کی بعض اعلیٰ شخصیات نے آئی جی کو رائو انوارکی تلاش کیلئے چاروں صوبوں کی پولیس سے مدد طلب کرنے سے منع کیا تھا لیکن آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے ان کا مشورہ ماننے سے انکار کردیا۔ صوبوں کے آئی جیز کو بھیجے گئے سرکاری لیٹر میں ایس ایس پی رائو انوار کے نام کوائف او ر شناختی علامت بھی درج کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

لیٹر کے متن میں لکھا ہے کہ ایس ایس پی رائو انوار کو ڈھونڈا جائے یا اس کی نشاندھی کی جائے اور اسے گرفتار کیاجائے کیونکہ وہ ایف آئی آر نمبر 40/2018میں قتل ، اقدام قتل ، اغواء، دھمکیاؔں دینے ، مارپیٹ ، تاوان وصول کرنے اور پولیس حکام کو دھمکیاؔں دینے کے جرائم میں مطلوب ہے ۔ ملزم کے خلاف تھانہ سچل کراچی میں یہ مقدمہ (اینٹی ٹیرر ازم ایکٹ، اے ٹی اے ) کے تحت درج کیا گیاہے۔ رائو انوار کی گرفتاری کے اؔحکامات کیلئے صوبائی آئی جیز کو بھیجا گیا سرکاری لیٹر ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز ، سندھ منیر احمد شیخ نے جاری کیا ہے سرکاری خط کی کاپی سپریم کورٹ آف پاکستان کو بھی ارسال کردی گئی ہے کی کاپی سپریم کورٹ آف پاکستان کو بھی ارسال کرد گئی ہے۔