فیصل آباد اور جڑانوالہ کے عوام نے مشکل وقت میںہمیشہ نواز شریف کا ساتھ دیا ہے،

2018ء کے عام انتخابات میں عوام مسلم لیگ(ن) کو اتنا بھاری مینڈیٹ دیں گے کہ مخالفین کی سات نسلیں بھی یاد رکھیں گی پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنمامریم نواز کاجلسہ سے خطاب

ہفتہ 27 جنوری 2018 21:31

فیصل آباد اور جڑانوالہ کے عوام نے مشکل وقت میںہمیشہ نواز شریف کا ساتھ ..
فیصل آباد۔27جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنمامریم نواز نے جڑانوالہ کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جڑانوالہ کے عوام نے ان کے ساتھ جس وفاداری کا ثبوت دیا ہے اس پر وہ نہ صرف ان کی شکر گزار ہے بلکہ اس تاریخ ساز جلسہ کی خوبصورت یادیں ساری زندگی یاد رکھیں گی۔انہوںنے کہا کہ فیصل آباد اور جڑانوالہ کے عوام نے ہمیشہ نواز شریف سے وفا کرتے ہوئے مشکل وقت میں ان کا بھر پور ساتھ دیا جس سے ان کے ہاتھ مضبوط اور مسلم لیگ مزید منظم و فعال ہوئی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ جڑانوالہ اور فیصل آباد کے شیروں نے انہیں نیا جوش ولولہ اور ہمت و قوت عطا کی ہے جس کے باعث وہ جمہوریت کے دشمنوں سے مزید بہتر انداز میں نبرد آزما ہوسکیں گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ جڑانوالہ اور فیصل آباد کے عوام انتہائی باشعور اور سیاسی سمجھ بوجھ رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ یہ علاقہ مسلم لیگ اور نواز شریف کے سپاہیوں کا مضبوط قلعہ ہے جہاں جیتنے والا امیدوار بھی مسلم لیگ (ن) کا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج اٹھو اور وعدہ کرو کہ نواز شریف کا ساتھ دو گے اور سازشی عناصر کا بوریا بستر گول کر دیا جائے گا۔ ۔اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال بدر چوہدری نے جڑانوالہ جلسہ میں اپنے خطاب میں کہا کہ عوام کے ٹھاٹھیں مارتے سمندر نے نواز شریف کی نااہلی کا فیصلہ یکسر مسترد کر دیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ نواز شریف کو اقتدار سے تو نکال دیا گیا لیکن دنیا کی کوئی طاقت انہیں عوام کے دلوں سے نہیں نکال سکتی۔

انہوںنے کہا کہ 2018ء کے عام انتخابات میں عوام مسلم لیگ(ن) کو اتنا بھاری مینڈیٹ- دیں گے کہ مخالفین کی سات نسلیں بھی یاد رکھیں گی ۔قبل ازیں میاں محمد نواز شریف کے جلسہ گاہ پر پہنچنے پر ان کا فقید المثال استقبال کیا گیا ۔اس موقع پر سکیورٹی کے بھی فول پروف انتظاما ت کئے گئے تھے۔چوہدری برجیس طاہروفاقی وزیر کشمیر افیئرز اینڈ گلگت بلتستان،کامران مائیکل وفاقی وزیر برائے شماریات، دانیال عزیز وفاقی وزیر برائے نجکاری، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیر مملکت برائے توانائی چوہدری عابد شیر علی، وزیر مملکت برائے کامرس اینڈ ٹیکسٹائل حاجی محمد اکرم انصاری ،وزیر مملکت برائے خزانہ و اقتصادی امور رانا محمد افضل خاں ، میئر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد محمد رزاق ملک ، ممبر صوبائی اسمبلی محمد نواز ملک، شہباز بابر ، ممبر صوبائی اسمبلی و سٹی صدر مسلم لیگ (ن) کارپوریشن فیصل آباد شیخ اعجاز احمد ، ممبر صوبائی اسمبلی میاں طاہر جمیل ، چیئر مین ضلع کونسل فیصل آباد چوہدری زاہد نذیر ، ڈپٹی میئر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد محمد امین بٹ ،سپریم انجمن تاجران فیصل آباد کے صدر جاوید ظفر ، سرپرست اعلیٰ انجمن تاجران محمد اسلم بھلی،ممبر صوبائی اسمبلی فقیر حسین ڈوگر سمیت دیگر لیگی ممبران قومی و صوبائی اسمبلی بھی موقع پر موجود تھے۔