ریلوے نے پاکستان انٹرنیشنل کنٹینرٹرمینل سے براہ راست لوڈنگ شروع کردی ،

ڈائریکٹ لوڈنگ سے مجموعی طور پر تین سو سے زائد ٹرکوں کا رش کم ہوگا، خواجہ سعد رفیق

ہفتہ 27 جنوری 2018 21:06

ریلوے نے پاکستان انٹرنیشنل کنٹینرٹرمینل سے براہ راست لوڈنگ شروع کردی ..
لاہور۔27جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2018ء) پاکستان ریلوے نے پاکستان انٹرنیشنل کنٹینرٹرمینل سے براہ راست لوڈنگ شروع کردی، روزانہ ایک ٹرین کی ڈائریکٹ لوڈنگ سے مجموعی طور پر تین سو سے زائد ٹرکوں کا رش کم ہوگا۔ یہ بات وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت ریلوے ہیڈکوارٹرز آفس لاہور میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں بتائی گئی جس میں ریلوے کی ڈرائی پورٹس کی کارکردگی کابھی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں چیف ایگزیکٹوآفیسر پاکستان ریلویز محمد جاوید انور، مشیر ریلویز انجم پرویز ، ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچر ہمایوں رشید، ایف اے اینڈ سی اے او ڈاکٹر محمد سعید اور دیگر نے شرکت کی۔چیف ٹریفک منیجر ڈاکٹر حسن طاہربخاری نے بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کی اجازت کے بعد ڈائریکٹ لوڈنگ سے پورٹ ایریا میں ٹریفک کا رش کم ہوجائے گا ویٹنگ ٹائم کے ساتھ کاسٹ آف بزنس میں بھی کمی آئے گی، کسٹم کلیرنس میں آسانی ہوگی اور علاقے میں فضائی آلودگی میں بھی کمی ہوگی۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ملک بھر کے تمام ڈرائی پورٹس کو فعال بنایا جائے گا اور اس سلسلے میں ازاخیل ڈرائی پورٹ کا فروری میں خود دورہ کریں گے۔