کراچی ، پشاور میں میٹرو بس سسٹم کا اجرا پاکستان میں سب سے پہلے چلنے والی لاہور میٹرو بس کی کامیابی کا اعتراف ہے ‘خواجہ احمد حسان

لاہور میٹر وبس سے روزانہ ڈیڑھ لاکھ افراد سفر کر رہے ہیں جبکہ اورنج لائن میٹرو ٹرین سے اڑھائی لاکھ شہری سفر کریں گے ‘تقریب سے خطاب

ہفتہ 27 جنوری 2018 19:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2018ء) وزیر اعلی پنجاب کے مشیر اور سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے کہا ہے کہ کراچی اور پشاور میں میٹرو بس سسٹم کا اجرا پاکستان میں سب سے پہلے چلنے والی لاہور میٹرو بس کی کامیابی کا اعتراف ہے - لاہور میٹر وبس کے ذریعے ہر روز ڈیڑھ لاکھ افراد سفر کر رہے ہیں جبکہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے ذریعے روزانہ اڑھائی لاکھ لوگوں کو جدید سفری سہولت مہیاہو گی-ترقی یافتہ ممالک کی ترقی میں ان کے جدید پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم نے کلیدی کردار ادا کیا ہے جو شہریوں کو بروقت ان کے دفاتر اور کاروبار تک پہنچانے کی ضمانت ہے - اورنج لائن منصوبہ شہر میں ترقی کی نئی راہیں کھولے گا اور شہر کے کلچر پر مثبت اثرات مرتب کرے گا - میٹرو بس کے لئے گجومتہ سے شاہدرہ تک گرین لائن کی تکمیل کے بعد اب اورنج لائن کا تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے - بعد ازاں پرپل اور بلیولائنوں کے منصوبوں کی تکمیل سے لاہور میں بین الاقوامی معیار کا پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم وجود میں آ جائے گا-وہ گزشتہ روز اربن یونٹ کے زیر اہتمام سٹی ڈائیلاگ کے سلسلے میں'اورنج لائن کے معاشی فوائد 'کے موضوع پر منعقدہ پروگرام کے دوران اظہار خیال کر رہے تھے - انہوں نے کہا کہ ماس ٹرانزٹ سسٹم بڑے شہروں کی بنیادی ضرورت اور ان کے دور درواز علاقوں کو ایک دوسرے سے منسلک کرنے کا ذریعہ ہے -اورنج لائن کی تعمیر کے لئے حصول اراضی کی خاطر جائیداوں کے مالکان کو ابھی تک 16ارب روپے ادا کئے جا چکے ہیں -اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اربن یونٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر ناصر جاوید نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ قیام پاکستان کے بعد لاہور میںدور رس اثرات کا حامل سب سے بڑا منصوبہ ہے۔