پاکستان ہندوکونسل کے زیراہتمام اجتماعی شادیوں کی10ویں سالانہ تقریب(آج)کراچی میں منعقد ہوگی

رنگارنگ ثقافتی تقریب کے موقع پر 82ہندو جوڑے شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے، دنیا کو دکھائیں گے کہ پاکستان میں غیرمسلموں کو اپنی سماجی تقاریب منعقد کرنے کی آزادی ہے، ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی

ہفتہ 27 جنوری 2018 16:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جنوری2018ء) پاکستان ہندو کونسل کے زیراہتمام ملک بھر کے غریب مستحق ہندو جوڑوں کیلئے اجتماعی شادی کی10ویں رنگارنگ ثقافتی تقریب کا انعقاد (آج)اتوار کووائی ایم سی اے گراؤنڈبمقابل گورنر ہاؤس کراچی میںشام کو چھ بجے کیا جائے گا۔ پاکستان ہندوکونسل کے سرپرست اعلیٰ اور چیئرمین قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے شماریات ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے آگاہ کیا کہ دس سالہ تقریب کے تناظر میں اجتماعی شادیوں میں شرکت کیلئے پاکستان کے کونے کونے سے ہندو باشندے کراچی پہنچ رہے ہیں جنکے استقبال کیلئے شایان شان اقدامات کیے گئے ہیں، اس موقع پر ملک بھر کی نمایاں قومی و سماجی شخصیات کی بیاسی نوبیاہتا جوڑوں کو نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کرنے کیلئے شرکت یقینی بنائی گئی ہے، ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے پاکستان ہندو کونسل کی طرف سے مسلسل دس سال اجتماعی شادیوں کے انعقاد کو اپنی فلاحی جدوجہد میں ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ انکا ٹارگٹ ہر سال کم از کم سو مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیو ں کا انعقاد کرانا ہے، رواں برس بیاسی ہندو جوڑ ے شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے بتایا کہ قیام پاکستان سے ہندو کمیونٹی کو درپیش مسائل میں سے ایک اہم ترین مسئلہ شادیوں کے حوالے سے رہا ہے، ڈاکٹر رمیش وانکوانی کا کہنا تھا کہ خدا کے نزدیک فلاحی کاموں میں سب سے اہم کام کسی کا گھر بسانا ہے، انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر پاکستان بیت المال اور دیگر فلاحی اداروں کے تعاون سے باعزت طریقے سے ہندو جوڑوں کو روزگار کمانے کیلئے رکشے اور امدادی رقوم بھی فراہم کی جائیں گی،انہوں نے میڈیا سے بھرپور کوریج کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو دکھائیں گے کہ پاکستان میں غیرمسلموں کو اپنے مذہبی عقائد پر کاربند رہتے ہوئے سماجی تقریبات منعقد کرنے کی آزادی حاصل ہے۔

ڈاکٹر رمیش کمار نے امید کا اظہار کیاکہ پاکستان ہندوکونسل عنقریب اجتماعی شادیوں کی رنگارنگ تقریبات کا سلسلہ ملک بھر میں شروع کرے گی۔