وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سی میڈ ٹرانک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی ملاقات

صحت عامہ سے متعلق چیلنجوں اور نتائج پر مبنی صحت عامہ کی خدمات میں معاونت کی پیشکش

جمعہ 26 جنوری 2018 23:50

ڈیووس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جنوری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر میڈ ٹرانک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمر اشراق نے گزشتہ روز ملاقات کی۔ قومی صحت و خدمات کی وزیر سائرہ افضل تارڑ ، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیراعظم کے معاون خصوصی علی جہانگیر صدیقی اور دیگر سینئر حکومتی اہلکار بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعظم نے میڈ ٹرانک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو وزیراعظم صحت پروگرام اور پورے ملک میں حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج میں حاصل ہونے والی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے صحت کی مربوط سہولیات کی فراہمی کے ضمن میں میڈ ٹرانک کو پاکستان میں تربیتی و تعلیمی مراکز کھولنے اور پاکستانی ہسپتالوں کے ساتھ شراکت داری کی دعوت دی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے صحت عامہ سے متعلق تحقیق و ترقی سے متعلق مشترکہ منصوبوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ملاقات میں صحت عامہ کی خدمات کی فراہمی سے متعلق مختلف ماڈلز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ میڈ ٹرانک کے چیف ایگزیکٹو آفیسرنے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں صحت عامہ سے متعلق چیلنجوں اور نتائج پر مبنی صحت عامہ کی خدمات میں معاونت کی پیشکش کی۔ انہوں نے پاکستان میں حکومتی یا نجی سطح پر جدید ترین ہسپتالوں کے قیام میں شراکتداری کی پیش کش بھی کی۔ واضح رہے کہ میڈ ٹرانک دنیا بھر میں صحت عامہ کے مربوط اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی کمپنی ہے جو امراض قلب، ذیابطیس اور دیگر بیماریوں کے انتظام و انصرام میں کلیدی خدمات فراہم کررہی ہے۔