وزیر اعلیٰ سندھ کی وزیراعلیٰ بلوچستا ن سے ملاقات،صوبے کے طلباء کے مختص کوٹہ میں اضافے کی یقین دہانی

جمعہ 26 جنوری 2018 23:17

وزیر اعلیٰ سندھ کی وزیراعلیٰ بلوچستا ن سے ملاقات،صوبے کے طلباء کے مختص ..
کوئٹہ ۔26 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2018ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجونے بلوچستان اور سندھ کے مابین پانی سمیت دیگر تمام تصفیہ طلب امور کے افہام و تفہیم سے حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے یقین ظاہر کیا ہے کہ دونوں صوبوں کی سیاسی قیادت باہمی اتفاق رائے سے ان امور کو طے کرلے گی۔ گذشتہ شب وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے بلوچستان کابینہ کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے قبل دونوںوزراء اعلیٰ کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران دیگر امور کے علاوہ حب ڈیم کے پانی کے استعمال کی مد میں سندھ کے ذمے واجبات کی ادائیگی اور ارسا معاہدے کے تحت پٹ فیڈرکنال کے زریعہ بلوچستان کے حصے کے پانی کی فراہمی میں کمی کے مسئلے پر بھی بات چیت کی گئی۔

سابق صدر آصف علی زرداری بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

دونوں صوبوں کی سیاسی قیادت نے پانی کے مسائل فوری حل کرنے لئے موثر اقدامات کرنے سے اتفاق کرتے ہوئے طے کیا کہ دونوں صوبوں کے متعلقہ حکام مشترکہ طور پر سفارشات مرتب کرنے کے صوبائی حکومتوں کو پیش کرینگے۔ ملاقات میں دونوںصوبوں کے مشترکہ سرحدی علاقوں میں سیکورٹی مزید بہتر بنانے اور دونوں صوبوں کی پولیس کے درمیان تعاون کو بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیرا علیٰ بلوچستان نے سندھ کے اعلیٰ تعلیمی اور تربیتی اداروں میں بلوچستان کے طلباء کے لئے مختص کو ٹہ میں اضافہ کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح ہمارے طلباء کو جدید تعلیم کے حصول کے مواقع ملیں گے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے بلوچستان کے طلباء کے مختص کوٹہ میں اضافے کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں بین الصوبائی رابطوں کے فروغ کو قومی یکجہتی کے استحکام کے لئے ناگزیر قرار دیا گیا۔ دونوں وزراء اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سندھ بلوچستان کے عوام رسم و رواج، ثقافت اور زبان میں مماثلت کی بنیاد پر دیرینہ رشتوں سے جڑے ہوئے ہیں اور ان تعلقات کو سیاسی اور حکومتی روابط کے ذریعہ مزید فروغ دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :