انڈونیشین صدر کاخطاب ،ْ تین نکاتی ایجنڈا نمٹایا گیا ،ْ رشید گوڈیل سب سے پہلے ایوان میں آئے ،ْپی ٹی آئی ارکان غیر حاضر

سپیکر کے ساتھ انڈونیشیا کے صدر جوکو ودودو اور چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کی نشستیں لگائی گئیں تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی مہمانوں کی گیلری میں موجود رہے

جمعہ 26 جنوری 2018 23:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2018ء) اسلام آباد ۔ انڈونیشیا کے صدر جوکو ودودو کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے موقع پر سب سے پہلے ایم کیو ایم پاکستان کے رکن عبدالرشید گوڈیل ایوان میں آئے۔ جمعہ کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اراکین میں سب سے پہلے عبدالرشید گوڈیل آ کر اپنی نشست پر براجمان ہوئے۔

انڈونیشیا کے صدر جوکو ودودو کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے موقع پر اجلاس کا ایجنڈا تین نکات پر مشتمل تھا جس میں تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول کے بعد سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا، اس کے بعد انڈونیشیا کے صدر کو دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کی دعوت دی۔

(جاری ہے)

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی نشست کے بائیں طرف چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی جبکہ دائیں طرف انڈونیشیا کے صدر جوکو ودودو کی نشست لگائی گئی تھی۔

انڈونیشیا کے صدر کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی، چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل سہیل امان بھی موجود تھے۔ انڈونیشیا کے صدر جوکو ودودو نے انگریزی زبان میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا۔

پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے انہوں نے انگریزی زبان میں خطاب کیا تاہم قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی طرف سے اس کا مالی اور اردو میں ترجمہ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر 6 بجکر 20 منٹ پر ایوان میں آئے۔ ایوان میں آمد پر انہوں نے قائد حزب اختلاف خورشید احمد شاہ، اعتزاز احسن، راجہ ظفر الحق سمیت دیگر سے ملاقاتیں کیں۔انڈونیشیا کے صدر جوکو ودودو کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے موقع پر بھی تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ایوان میں نہیں آئے۔

متعلقہ عنوان :