فنڈز کی قلت کے باوجود کراچی کے تمام علاقوں میں ترقیاتی کام کرارہے ہیں، میئر کراچی وسیم اختر

عبدالخالق اللہ والا ٹائون، دہلی مرکنٹائل سوسائٹی اور کراچی ایڈمنسٹریشن سوسائٹی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے

جمعہ 26 جنوری 2018 23:14

فنڈز کی قلت کے باوجود کراچی کے تمام علاقوں میں ترقیاتی کام کرارہے ہیں، ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ فنڈز کی قلت کے باوجود کراچی کے تمام علاقوں میں ترقیاتی کام کرارہے ہیں، عبدالخالق اللہ والا ٹائون، دہلی مرکنٹائل سوسائٹی اور کراچی ایڈمنسٹریشن سوسائٹی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے جس قسم کے مسائل کا آج شہر کو سامنا ہے انہیں حل کرنے کے لئے تمام شہری اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا ،یہ ہمارا شہر ہے اور ہم شہریوں کے دکھ درد کو محسوس کرتے ہیں ،دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر شہریوں کے مسائل حل کراتے رہیں گے، یہ بات انہوں نے جمعیت پنجابی سوداگران دہلی کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالئے سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر چیئرمین بلدیہ کورنگی نیئر رضا، چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور اور ادارہ فراہمی و نکاسی آب کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے جبکہ تقریب میں شرکت کے لئے یونین کلب پہنچنے پر صدر جمعیت محمد سعید شفیق، جنرل سیکریٹری محمد سلیم فاروقی اور کلب کے صدر شمیم عارف فرپو نے میئر کراچی وسیم اختر کا استقبال کیا اور اللہ والا ٹائون میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ میئر کراچی کی ذاتی دلچسپی اور توجہ سے جلد اللہ والا ٹائون میں سیوریج ، صفائی ستھرائی، پانی کی فراہمی ، سڑکوں کی تعمیر اور تجاوزات جیسے گھمبیر مسائل حل ہوجائیں گے، میئر کراچی وسیم اختر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ان کے اختیارات بے حد محدود کئے جاچکے ہیں اور وسائل کی کمی کا بھی سامنا ہے تاہم اس کے باوجود جن علاقوں کی طرف توجہ دلائی گئی ہے وہاں تمام مسائل حل کرائیں گے، انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ ہم صرف وعدے نہیں کرتے بلکہ عملی طور پر علاقوں میں کھڑے ہو کر بہتری اور بحالی کے کام بھی کراتے ہیں کیونکہ کراچی کے شہریوں نے ہمیں منتخب کیا ہے اور تمام منتخب نمائندے ان کی توقعات پر پورا اترنا چاہتے ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ صاف پانی اور بہتر سیوریج نظام ہر شہری کی بنیادی ضرورت ہے کراچی کی بیشتر سڑکیں سیوریج اوور فلوکے باعث ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئیں اگر ماضی میں اس طرف توجہ دی جاتی تو آج شہر کا یہ حال نہ ہوا ہوتا، شہریوں کو درپیش مسائل برسہا برس کی غفلت اور لاپرواہی کا نتیجہ ہے، کچرے کے ڈھیر اور تجاوزات نے متعدد مسائل کو جنم دیا ہے جنہیں اگر فوری حل نہ کیا گیا تو یہ مزید پیچیدہ ہوتے جائیں گے اورشہر کی حالت مزید ابتر ہوتی جائے گی لہٰذا ہم نے یہ عزم کیا ہے کہ شہر کو بہتر بنانے کے لئے جو بھی وسائل دستیاب ہیں انہیں استعمال میں لا کر شہریوں کے تعاون سے تمام مسائل حل کریں گے، اس موقع پر جمعیت پنجابی سوداگران دہلی کے جنرل سیکریٹری سلیم فاروقی نے کہا کہ اللہ والا ٹائون کے رہائشی شدید مشکلات کا شکار ہیں اور جمعیت نے اس کے لئے ہر اس دروازے پر دستک دی جہاں سے ان کے مسائل حل ہونے کی امید تھی لیکن کوئی ہم سے تعاون کرنے پر آمادہ نہیں اور وعدے تو بہت ہوتے ہیں لیکن ان پر عملدرآمد کبھی نہیں ہوتا، جمعیت نے اس سلسلے میں ہائیکورٹ میں بھی پٹیشن دائر کی ہے تاکہ عدالت عالیہ سرکاری اداروں کو ترقیاتی کام کرانے کی ہدایت دے، انہوں نے کہا کہ جمعیت پنجابی سوداگران دہلی بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ساتھ ہر طرح کے تعاون کے لئے تیار ہے تاکہ اس علاقے کے لاکھوں مکینوں کو بہتر شہری سہولیات میسر آئیں بدقسمتی سے ماضی میں اس علاقے کو کسی سرکاری ادارے نے توجہ کے لائق نہیں سمجھا جس کی وجہ سے یہ تباہ حال ہوچکا ہے اور ناقص تعمیرات کی وجہ سے لوگوں کی زندگیوں کو بھی خطرات لاحق ہیں ، میئر کراچی نے جمعیت پنجابی سوداگران دہلی کی رہائشی اسکیموں میں درپیش مسائل کے جلد حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کراچی شہر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا درجہ رکھتا ہے اور یہاں ملک کے کونے کونے سے لوگ روزگار حاصل کرنے کیلئے آتے ہیں اور یہ شہر ہر ایک کو خوش آمدید کہتا ہے مگر بدقسمتی سے کراچی کے ساتھ سوتیلوں جیسا سلوک کیا جاتا ہے اور اس کی تعمیر و ترقی پر بہت کم توجہ دی جاتی ہے جس کی وجہ سے شہری مسائل میں روز بروز اضافہ ہوجاتا ہے جنہیں حل کرنے کے لئے مزید فنڈز کی ضرورت ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں نے بہت مشکلات برداشت کیں اور ان کی کہیں شنوائی نہیں ہوئی اور یہ اس شہر کے ساتھ شدید ناانصافی ہے مگر ہم ان تمام حقائق کے باوجود مایوس نہیں ہیں اور نئے عزم اور حوصلے کے ساتھ شہر کی خدمت کا فریضہ انجام دیتے رہیں گے ۔

متعلقہ عنوان :