چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کی زیرصدارت سینیٹ کی مجالس قائمہ کے سربراہان پر مشتمل کونسل آف چیئرمین کا اجلاس

جمعہ 26 جنوری 2018 23:07

چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کی زیرصدارت سینیٹ کی مجالس قائمہ کے سربراہان ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2018ء) سینیٹ کی مجالس قائمہ کے سربراہان پر مشتمل کونسل آف چیئرمین کا اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں قائمہ کمیٹیوں کی کارکردگی اور کونسل کی مختلف سفارشات اور دیگر اہم امور کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ کونسل آف چیئرمین نے تمام کمیٹیوں کو قانون سازی اور دیگر اہم معاملات سے متعلق ایجنڈا فوری طورپر مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ مدت ختم ہونے تک کوئی بھی ایجنڈا باقی نہ رہے اور تمام امور مکمل کرلیے جائیں۔

اس موقع پر چیئرمین سینٹ نے قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں اور سینٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے کمیٹیوں کو دی جانے والی معاونت کو مثالی قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے اس عرصے کے دوران اجتماعی فیصلہ سازی کو ترجیح دی اور سب کو اپنے ساتھ شامل رکھا تاکہ یک آواز ہوکر فیصلے کیے جائیں اور اس عمل کے انتہائی اچھے نتائج برآمد ہوئے جس سے نہ صرف قائمہ کمیٹیوں کو موثر انداز میں کام کرنے کا موقع ملا بلکہ ایوان کی توقیر میں بھی اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

میاں رضاربانی نے کہا کہ کمیٹیوں کی سفارشات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے حکمت عملی وضع کی گئی اور حکومتی سطح پر بھی اس ضمن میں قانون سازی کے ذریعے اقدامات اٹھائے جائیں گے جن سے کمیٹیوں کی کارکردگی میں مزید اضافہ ہو گا تاہم انہوں نے کہا کہ اس رفتار کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ سیکرٹری سینیٹ امجد پرویز ملک نے اجلاس کو کونسل کی سفارشات پر عملدرآمد کے بارے میں آگاہ کیا ۔

ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے رضاربانی کے بطور چیئرمین سینٹ دور کو مثالی قرار دیا اور کہا کہ ایک پارلیمنٹرین کی حیثیت سے انہوں نے آج تک اتنے موثر انداز میں کام نہیں دیکھا جو رضاربانی کے دور میں سینٹ نے کردکھایا ۔ سینٹ میں قائد حزب اختلاف چوہدری اعتزاز احسن نے رضاربانی کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ پارلیمانی تاریخ کرنے اور کمیٹیوں کو موثر بنانے کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے جس سے نہ صرف ایوان کی توقیر میں مزید اضافہ ہوگا بلکہ جمہوریت کو مستحکم بنانے میں بھی مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :