کراچی،نادرا کی نااہلی و ناقص کارکردگی ،شہریوں کو بلاجواز تنگ کرنیکے خلاف جماعت اسلامی کے تحت 27جنوری احتجاجی دھرنا دیا جائے گا

جمعہ 26 جنوری 2018 23:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جنوری2018ء) نادرا کی نااہلی و ناقص کارکردگی ،شہریوں کو بلاجواز تنگ کرنے اور غیر ضروری دستاویزات طلب کرنے ،بالخصوص مشرقی پاکستان سے آنے والوں ،بنگلہ زبان بولنے والوں اور پختونوں کو امتیازی اور ناروا سلوک کا نشانہ بنانے کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت ہفتہ 27جنوری کو شام 4بجے حسن اسکوائر پر زبردست احتجاجی دھرنا دیا جائے گا ۔

دھرنے سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن خصوصی خطاب کریں گے اور نادرا کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ،دھرنے میں جماعت اسلامی کے دیگر رہنما ،نادرا کے متاثرین اور مختلف کمیونیٹیز کے نمائندے بھی اپنے خیالات کا اظہار کریں گے اور نادرا کے مظالم بیان کریں گے ،دھرنے کی تیاریوں اور انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ،جماعت اسلامی کی جانب سے بڑے پیمانے پر انتظامات کیے گئے ہیں اور شہر بھر سے ہزاروں کی تعداد میں عام شہری ،نادرا کے متاثرین ،بنگالی ،برمی ، بہاری اور پختون کمیوینٹیز سمیت مختلف طبقات اور شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد شریک ہوں گے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا احتجاجی دھرنے کے سلسلے میں شہر بھر میں مختلف مقامات پر کیمپ بھی لگائے گئے ہیں جہاں سے شہریوں کو احتجاجی دھرنے میں شرکت کی دعوت دی جارہی ہے جبکہ شہر بھر میں ہزاروں کی تعداد میں بینرز بھی لگادیئے گئے ہیں ۔علاوہ ازیں جماعت اسلامی کے کارکنوں نے جمعہ کی نماز کے بعد شہر بھر میں ہزاروں مساجد کے باہر احتجاجی دھرنے کے ہینڈ بلز بھی تقسیم کیے اور عوام کو دھرنے میں شرکت کی دعوت دی ،جماعت اسلامی کی جانب سے کراچی کے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ نادرا کے مظالم کے خلاف جماعت اسلامی کے دھرنے میں بھر پور شرکت کریں اور دھرنے کو کامیاب بنائیں ،جماعت اسلامی عوام کو نادرا کے مظالم سے نجات دلائے گی اور مسائل کے حل تک جدوجہد جاری رکھے گی ۔ #