ہانیہ نامی لڑکی کا اپنی14ویں سالگرہ پر 14 درخت لگانا دوسروں کیلئے مثال ہے،وفاقی وزیرمشاہداللہ خان

جمعہ 26 جنوری 2018 22:50

ہانیہ نامی لڑکی کا اپنی14ویں سالگرہ پر 14 درخت لگانا دوسروں کیلئے مثال ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2018ء) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹرمشاہداللہ خان نے ہانیہ نامی لڑکی کی اپنی14ویں سالگرہ پر 14 درخت لگانے کے عمل کو سراہا ہے اور ملک کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچانے کیلئے ہانیہ کے اقدام کو دوسروں کیلئے مثال قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ہر بچے کو اپنی سالگرہ پر پودا ضرور لگانا چاہئے کیونکہ ایسی چھوٹی چھوٹی شروعات اور اقدامات سے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے میں مدد ملے گی ۔

انہوں نے یہ بات وزارت موسمیاتی تبدیلی میں جمعہ کو منعقدہ تقریب میں کہی جو کہ اپنی 14ویں سالگرہ پر 14 پودے لگانے والی لڑکی ہانیہ عمران کے اقدام کو سراہنے اور حوصلہ افزائی کے سلسلہ میں منعقد ہوئی۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی بارے پارلیمانی سیکرٹری رومینہ خورشید عالم نے بھی لڑکی ہانیہ کی تعریف کی اور کہا کہ بچوں میں موسمیاتی تبدیلیوں بارے شعور اور آگاہی پیدا کرنے اور اس ضمن میں عملی اقدامات کی سوچ پیدا کرنے پر والدین بھی ستائش کے مستحق ہیں۔

(جاری ہے)

ہانیہ عمران کی والدہ نے کہا کہ جب انہوں نے اپنی بیٹی کو 14ویں سالگرہ پر 14 درخت لگانے کا مشورہ دیا تو اس کی سہیلیوں نے بھی اس کا مذاق اڑایا۔ اس لڑکی ہانیہ عمران نے وزیر موسمیاتی تبدیلی مشاہد اللہ خان کو ایک خط بھی لکھا جس میں انہوں نے تجویز کیا کہ اگر ہر فرد یا بچہ اپنی عمر یا سالگرہ کے مطابق پودے لگائے تو یقیناً ہمارا ماحول سرسبز، خوبصورت اور آلودگی سے پاک ہو جائے گا۔ وفاقی وزیر نے اس لڑکی کی حوصلہ افزائی اور ستائش کیلئے ایک چھوٹی باوقار تقریب منعقد کی جس میں وفاقی وزیر سینیٹر مشاہد اللہ خان نے اس لڑکی کو درختوں کے بارے میں ایک کتاب، تعریفی سند اور شیلڈ دی۔ تقریب میں وزارت موسمیاتی تبدیلی اور ہانیہ کے اہلخانہ کو مدعو کیا گیا تھا۔