گورنر سندھ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی شجر کاری مہم کے تحت گورنر ہائوس میں پودا لگایا

پی ایس ایل کیلئے پاکستان آنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھرپور سیکورٹی فراہم کریں گے، گورنرسندھ

جمعہ 26 جنوری 2018 22:44

گورنر سندھ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی شجر کاری مہم کے تحت گورنر ہائوس ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شجر کاری کے منصوبے کے تحت گورنر ہائوس میں پودا لگایا ۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی اور سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کو روکنے میں درختوں کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ ہمیں تازہ آکسیجن فراہم کرتے ہیں۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ شجرکاری کی جانب خصوصاً نوجوان نسل کو راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ ماحولیاتی آلودگی کے مسئلہ اور اس ضمن میں درختوں کی اہمیت سے بہ خوبی آگاہ ہوسکیں ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کا تیسرا ایڈیشن پہلے دو ٹورنامنٹ کے مقابلہ میں مزید دلچسپ اور سنسنی خیز ثابت ہوگاکیونکہ اس کے کئی مقابلے پاکستان میں منعقد ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ خصوصاً کراچی میں 25 مارچ کو اس کے انعقاد کے اعلان سے کراچی کے کرکٹ شائقین بہت زیادہ خوش اور پرجوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے پاکستان کی مدد کرے تاکہ کرکٹ شائقین غیر ملکی ٹیموں کو اپنے ملک میں ایکشن میں دیکھ سکیں۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کا تعمیراتی کام جاری ہے جسے دو مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔

پہلا مرحلہ فائنل سے قبل مکمل ہوجائے گا جبکہ دوسرا مرحلہ دسمبر 2018 میں تکمیل کو پہنچے گا۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کی ٹیموں میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھرپور سیکورٹی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ پورے سکون کے ساتھ کرکٹ مقابلوں پر توجہ مرکوز رکھ سکیں۔ گورنر سندھ نے شجر کاری مہم پر اسلام آباد یونائیٹڈ اور علی نقوی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دیگر اداروں کو بھی ان کی تقلید کرنا چاہئیے۔

متعلقہ عنوان :