کراچی کو عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں جگہ دلانے کے لئے مزید مربوط کوششوں کی ضرورت ہے،گورنر سندھ

اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے مختلف شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کی خواہش حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے، عہدیداروں سے گفتگو

جمعہ 26 جنوری 2018 22:44

کراچی کو عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں جگہ دلانے کے لئے مزید مربوط کوششوں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر بین الاقوامی کمپنیوں کے اعتماد کا اظہار ہے اور ان کا ایک بڑی تعداد کی جانب سے اپنی کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کی خواہش ملک کی اقتصادی ترقی کے لئے اچھی خبر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد منصور اور سیکریٹری جنرل عبدالعلیم سے گورنر ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ حکومت کی کامیابی معاشی پالیسیوں کے باعث تمام اقتصادی اشاریہ مثبت سمت میں گامزن ہیں ۔ سرمایہ کاروں کا اعتماد امن و امان سے منسلک ہوتا ہے۔ گزشتہ 4 1/2 سال کے دوران امن و امان کے قیام کے لئے حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات اور خصوصاً کراچی میں امن کی بحالی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ثابت ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی و اقتصادی مرکز ہے کیونکہ 90 فی صد بین الاقوامی کمپنیوں کے صدر دفاتر یہاں واقع ہیں۔

اسٹیٹ بینک اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی شہر قائد میں موجودگی اس کی اہمیت کو اور زیادہ اُجاگر کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہونے والی کوئی بھی سرگرمی پورے ملک کو متاثر کرتی ہے، اس لئے 2013 میں سب سے پہلے یہاں کے حالات درست کرنے پر توجہ دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی معاشی نقشہ پر کراچی کو نمایاں جگہ دلانے کے لئے مزید کاوشوں کی ضرورت ہے کیونکہ اگر کراچی ترقی کرے گا تو ملک ترقی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے سرمایہ کاری میں اضافہ کی خواہش کا اظہار نہایت خوش آئند ہے اور اس سے نہ صرف روزگار کے مزید مواقع پیداہوں گے بلکہ صنعتی پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا۔ گورنر سندھ نے سی پیک کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ پورے خطے کے لئے اپنی نوعیت کا انتہائی منفرد منصوبہ ہے جس کی تکمیل نہ صرف پاکستان کی تیز رفتار ترقی کا باعث ہوگی بلکہ اس سے چین کو بھی زرمبادلہ کی خطیر بچت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بزنس کمیونٹی کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی تاکہ وہ کسی دشواری کے بغیر اپنی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔ چیمبر کے صدر خالد منصور نے کہا کہ خصوصاًگزشتہ ایک سال کے دوران کاروباری برادری کا وفاقی حکومت سے رابطہ مزید مستحکم ہوا ہے جس کی بڑی وجہ گورنر سندھ کی کاوشیں ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاروباری برادری صرف سازگار ماحول چاہتی ہے تاکہ مزید سرمایہ کاری کرسکے۔