پاکستان کسٹمز ریونیو کی وصولی کا اہم قومی ادارہ ہے،گورنر سندھ

معیشت کی ترقی میں امن و امان اہم کردار ادا کرتاہے، ورلڈ کسٹمز ڈے کی تقریب سے خطاب

جمعہ 26 جنوری 2018 22:44

پاکستان کسٹمز ریونیو کی وصولی کا اہم قومی ادارہ ہے،گورنر سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ ملکی معیشت خصوصاً ریونیو کی وصولی میں پاکستان کسٹمز کا اہم کردار ہے جس کے افسران اور عملہ نہایت محنت اور لگن سے پاکستان کے ایئر پورٹس اور بندرگاہوں اور دیگر داخلی و خارجی راستوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم کسٹم کے موقع پر کسٹمز کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا چیف کلکٹر کسٹم منظور حسین میمن، کلکٹر کسٹم افتخار احمد ، مختلف ممالک کے سفارتکار اور عمائدین شہر بھی موجود تھے۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ کسٹم کی کارکردگی کے بارے آگاہی پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ اس کے افسران اور عملہ کی خدمات سے عوام کو آگاہ کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی سامان کی ترسیل روکنے ، ریونیو اکٹھا کرنے میں پاکستان کسٹم اپنے فرائض جانفشانی سے ادا کررہا ہے۔ انہوں نے اس سال ورلڈ کسٹم ڈے کی تھیم "معاشی ترقی کے لئے محفوظ کاروباری ماحول'' نہایت اہم ہے کیونکہ جب تک امن و امان نہیں ہوگا کسی بھی قسم کا کاروبار نہ فروغ پاسکتا اور نہ ہی سرمایہ کاری ہوسکتی ہے۔

انہوں اس ضمن میں کراچی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ 2013 اور آج کے کراچی کا تقابل اس چیز کو واضح کردیتا ہے کہ سرمایہ کاری اور صنعتوں کا پھیلائو امن و امان پر منحصر ہوتا ہے۔ گورنر سندھ نے پاکستان کسٹمز کی جانب سے کھیلوں کی سرگرمیاں زیادہ موثر انداز میں شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میںپاکستان کسٹم کی ہاکی ٹیم نے پاکستان کو کئی نامور کھلاڑی دئیے جبکہ دیگر کھیلوں میں بھی پاکستان کسٹمز کی ٹیموں نے ماضی میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

گورنر سندھ نے مارشل آرٹس، ٹینس ، ہاکی ، فٹبال اور کرکٹ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کسٹمز کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جبکہ نمایاں کارکردگی کے حامل افسران کو بھی شیلڈز دیں۔ اس موقع پر کسٹمز پبلک اسکول کے طالب علموں نے ملی نغمے پیش کئے۔