پاناما کرپشن اسکینڈل میں مسلم لیگ(ن) کو حواس باختہ کردیا ہے،

جاتی امراء مافیا کو تخت رائے ونڈ لرزتا ہوا دکھائی دے رہا ہے،مسلم لیگ(ن) والوں کو آج میثاق جمہوریت یاد آرہا ہے تب یاد کیوں نہیں آیا جب نواز شریف نام نہاد میمو کے حوالے سے کاغذ کے ٹکڑے لے کر جمہوری حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر عاجز دھامراہ کا سعد رفیق کے ٹوئیٹ پر ردعمل

جمعہ 26 جنوری 2018 22:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 جنوری2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر عاجز دھامراہ نے وفاقی وزیر سعد رفیق کے ٹوئیٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاناما کرپشن اسکینڈل میں مسلم لیگ(ن) کو حواس باختہ کردیا ہے۔ جاتی امراء مافیا کو تخت رائے ونڈ لرزتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) والوں کو آج میثاق جمہوریت یاد آرہا ہے تب یاد کیوں نہیں آیا جب نواز شریف نام نہاد میمو کے حوالے سے کاغذ کے ٹکڑے لے کر جمہوری حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ سعد رفیق اور ان کے دیگر ہمنوادہشتگردی کے خاتمے کا کریڈٹ لینے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں مگر بھول گئے کہ سوات آپریشن کے وقت نواز شریف کا موقف کیا تھا عاجز دھامراہ نے کہا کہ دہشتگردوں اور طالبان سے ہمدردی کوئی ڈھکی چھپی بات نہیںہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نام نہاد بھاری مینڈیٹ کا راز بھی فاش ہو چکا ہے۔ سعد رفیق اور دیگر وزراء بٹالین قومی اسمبلی کا کورم تو پورا نہیں کر سکتے اور ہردن شرمندگی اور خفت کا سامنا کرتے ہیں۔

سینیٹر عاجز دھامراہ نے کہا کہ سعد رفیق کو چاہیے کہ اپنے قد سے بڑھ کر باتیں نہ کریں بلکہ اپنے گریبان میں جھانکیں ۔ آصف علی زرداری پر تنقید کرکے جھوٹوں کا کنبہ حقائق تبدیل نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ووٹ کے ذریعے جمہوری تبدیلی آئی ہے۔ سینیٹر عاجز دھامراہ نے کہاکہ بلوچستان کی طرح قومی اور پنجاب اسمبلی کیا راکین بھی نام نہاد شریف کی اصلیت پہچان چکے ہیں کیونکہ شریف اینڈ کمپنی نے لوٹ مار کے ذریعے مال بنانے کے سوا کوئی کام نہیں کیا۔