کراچی، امریکہ پاکستان کی خود مختاری کو متعدد بار نشانہ بنا چکا ہے،علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

کسی بھی ملک کی سرحدی خلاف ورزی سفارتی آداب کے منافی ہے،امریکہ کی اس جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جانا چاہیے ،سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان

جمعہ 26 جنوری 2018 21:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جنوری2018ء) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے فاٹا میں امریکی ڈرون حملے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کی خود مختاری کو متعدد بار نشانہ بنا چکا ہے۔کسی بھی ملک کی سرحدی خلاف ورزی سفارتی آداب کے منافی ہے۔امریکی کی اس جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین ناخوشگوار تعلقات اس امر کے متقاضی ہیں کہ باہمی احترام کے فروغ سے انہیں بہتر بنایا جائے امریکہ نے ہمارے ساتھ ہمیشہ جارحانہ طرز عمل کا مظاہرہ کیا ہے جو سراسر زیادتی ہے۔پاکستان کو ڈو ٹوک انداز میں واضح کرنا ہو گا کہ وہ اب مزید کسی زیادتی کا متحمل نہیں ہے اور آئندہ اس طرح کے کسی عمل کو قطعاًً برداشت نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان کی داخلی خودمختاری ہمیں ہر شے سے مقدم ہے اور ہم اس ملک کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔انہوں نے کہا امریکہ کو چاہیے کہ وہ دوسرے ممالک کے معاملات میں دخل اندازی کی بجائے اپنی توجہ اپنے مسائل پر مرکوز کرے۔صدر ٹرمپ کے اقتدار میں آنے کے بعد امریکہ میں مختلف بحران سر اٹھا رہے ہیں۔ صدر ٹرمپ کی متنازع شخصیت نے پوری دنیا میں امریکہ کے امیج کو بری طرح متاثر کیا ہے۔علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مطالبہ کیا ہے کہ امریکی ڈرون حملوں کے حوالے سے اپنا موقف پوری قوم کے سامنے واضح کریں ۔عوام مختلف ادوار کے حکمرانوں کی دوغلی پالیسیوں سے اب بخوبی آگاہ ہیں۔#

متعلقہ عنوان :