شہباز شریف کا ملک کا خادم بننا ایک خواب، پہلے نیب میں کرپشن کا حساب ، ماڈل ٹائون میں 14ہلاکتوں کا جواب دیں‘محمودالرشید

عوام مزید کسی جھانسے میں نہیں آنے والی، شریف برادران اپنے مقدمات کا سامنا ، عوام کی لوٹی دولت واپس کرنے کا بندو بست کریں‘صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 26 جنوری 2018 21:27

شہباز شریف کا ملک کا خادم بننا ایک خواب، پہلے نیب میں کرپشن کا حساب ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2018ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف پنجاب میاں محمودالرشید نے کہا کہ شہباز شریف کا ملک کا خادم بننا ایک خواب، پہلے نیب میں کرپشن کا حساب ، ماڈل ٹائون میں 14ہلاکتوں کا جواب دیں، نواز شریف صرف کیوں نکالا کا راگ الاپنے کیلئے سرکاری وسائل سے جلسے کر رہے ہیں۔پنجاب اسمبلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نا اہل شخص صرف کیوں نکالا کا راگ الاپنے کیلئے سرکاری وسائل سے جلسے کر رہے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے کہا کہ شہباز شریف نے خادم کا جھانسہ دیکر صوبے کا بیڑا غرق کر دیا خدانخواستہ پاکستان کے خادم بنے تو اللہ ہی حافظ ہے، ویسے خواہش رکھنے میں کوئی خرج نہیں، شہباز شریف کو خادمی کے شوق پورے کرنے کی بجائے پہلے نیب میں زیر سماعت کرپشن کیسز ،56کمپنیوں میں مالی بے ضابطگیوں اور ماڈل ٹائون میں14شہریوں کی ہلاکت کا جواب دینا پڑے گا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں میاں محمودالرشید نے کہا کہ پنجاب میں خواتین اور بچوں کیخلاف جرائم بڑھ گئے، لا اینڈ آرڈر کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، پنجاب کے ہر منصوبے میں کرپشن، کمیشن اور کیک بیکس کی بازگشت سنائی دیتی ہے، پنجاب کا ہر منصوبہ ناکام ثابت ہوا، کسانوں کو زندہ درگور کر دیا، کاشتکار فصلیں جلانے پر مجبور ہیں، طلبہ ، اساتذہ، کلرک، ڈاکٹر، نرسوں سمیت ہر مکتبہ فبکر سڑکوں پر ہیں لیکن حیرت ہے فنکارہ اعلیٰ ملک کے خادم بننے کا سوچ رہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ پنجاب کے عوام میں شعور آیا تو شہباز شریف نے بڑی خادمی پر نظریں جما لیں، وہ کچھ غلط فہمی میں ہیں، انہیں اپنی اور اپنے بھائی کی مقبولیت کااندازہ جلد ہو جائیگا یہ نہیں ہو سکتا ایک بھائی لوٹ مار کی انتہا کر دے، پکڑا جائے تو چھوٹا سامنے آ جائے، یہ عوام مزید کسی جھانسے میں نہیں آنے والی، شریف برادران اپنے مقدمات کا سامنا اور عوام کی لوٹی دولت واپس کرنے کا بندو بست کریں۔