صوبائی حکومت عوامی مسائل کے حل اور بنیادی ضروریات کی فراہمی میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، سکندر حیات خان شیرپائو

پلاننگ کا فقدان اورایڈ ہاک پالیسیوں کے ذریعے حکومت چلائی جا رہی ہے ،صوبائی چیئرمین قومی وطن پارٹی

جمعہ 26 جنوری 2018 18:26

صوبائی حکومت عوامی مسائل کے حل اور بنیادی ضروریات کی فراہمی میں مکمل ..
شبقدر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 جنوری2018ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوامی مسائل کے حل اور بنیادی ضروریات کی فراہمی میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے،ان کی توجہ عوام کے بنیادی مسائل کی بجائے نان ایشوز پر مرکوز ہے جس سے عوام کا کوئی سروکار نہیں۔وہ جمعہ کو یونین کونسل رشکئی دیہات شبقدر میں سوئی گیس فراہمی کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر سابق ممبر اسمبلی بابر علی خان اور دیگر بھی موجود تھے۔سکندر شیرپائونے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت صوبہ اور عوام کے حقوق و تحفظ کیلئے کوئی کردار ادا نہیں کر رہی ہے اور ان کی خراب طرز حکمرانی کی وجہ سے صوبہ اور عوام اپنے حقوق سے محروم ہوتے جارہے ہیںاور ٹھوس منصوبہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے صوبہ بھی ترقی کی دوڑ میں دیگر صوبوں سے پیچھے رہ گیا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ صوبائی حکومت کے پاس پلاننگ کا فقدان ہے اورایڈ ہاک پالیسیوں کے ذریعے حکومت چلائی جا رہی ہے جس کا خمیازہ صوبے اور عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے ۔ سکندر شیرپائونے فاٹا کا خیبر پختونخوا میں مکمل انضمام ،پاک افغان تعلقات میں بہتری،ملک بھر میں پختونوں کے حقوق و تحفظ کو یقینی بنانے ، امن و امان کا قیام اور پختونوں کو اپنے وسائل پر مکمل اختیار دینے کا مطالبہ بھی کیا اور کہا کہ پختونوں کی دہائیوں پر محیط بے مثال قربانیوں کا صلہ دیا جائے کیونکہ ان میں شدید بے یقینی اور مایوسی پائی جارہی ہے جس کا فوری ازالہ انتہائی ضروری ہے۔

انھوں نے کہا کہ صوبہ اور عوام کو کسی بھی مشکل میں اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کے حقوق و تحفظ اور بہبود کیلئے ہر فورم اور ہر محاذ پر جدوجہد کی جائے گی۔