گلگت شاہراہ ریشم چین، اسلام آباد، اسکردو اور چترال کے لئے جنکشن کی حیثیت رکھتا ہے،میاں زاہد حسین

سی پیک کے تحت خنجراب ریلوے کا قیام 2030 تک مکمل ہوگا جس سے گلگت ریل کے نظام سے منسلک ہوجائے گا،صدر کراچی انڈسٹریل الائنس

جمعہ 26 جنوری 2018 17:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2018ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر ،بزنس مین پینل کے سینئر وائس چیئر مین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان پاکستان کا جنت نظیر خطہ ہے جو خوبصورتی اور قدرتی حسن سے مالا مال ہونے کے وجہ سے دنیا بھر سے پاکستان آنے والے ٹورسٹس کے لئے بے پایاں کشش رکھتا ہے۔

گلگت شاہراہ ریشم چین، اسلام آباد، اسکردو اور چترال کے لئے جنکشن کی حیثیت رکھتا ہے۔ گلگت کی معاشی سرگرمیاں شاہراہِ ریشم سے منسلک ہیں جبکہ چائنہ ٹریڈ آرگنائزیشن فورم کی طرف سے مقامی لوگوں کی معاشی ترقی کے لئے گلگت کے ساتھ چائنہ کے ملحقہ صوبے ژیانگ میں تجارت کے جدید اصول سیکھنے کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیںاور گلگت بلتستان چیمبر اور گوجل ہنزہ میں سست ڈرائی پورٹ کا قیام گلگت کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

میاں زاہد حسین نے بزنس کمیونٹی سے گفتگو میں کہا کہ گلگت میںسی پیک کے تحت خنجراب ریلوے کا قیام 2030 تک مکمل ہوگا جس سے گلگت ریل کے نظام سے منسلک ہوجائے گا۔ شہر میں 250 ایکڑ کے رقبے پر اسپیشل اکنامک زون کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس سے گلگت کی پوٹینشل انڈسٹری بشمول لکڑی، لائیو اسٹاک، دستکاری اور معدنیات ترقی کرینگی۔سی پیک کے حوالے سے گلگت کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے اس شہر کو فری ٹریڈ زون ڈکلیئرکرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے اس شہر کی معیشت نہ صرف ترقی کرے گی بلکہ ملکی معیشت کی ترقی میں نہایت اہم کردار ادا کرے گی۔

اس شہر میںسرمایہ کاری کے نہایت مواقع ہیں جن میں سی پیک کے لانچ ہونے سے مزید اضافہ ہوگا۔نہ صرف شہرکا انفراسٹرکچر بہتر ہوگا بلکہ کاروبار و صنعت کے لئے درکار تمام سہولیات اعلیٰ پیمانہ پر میسر ہونگی۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ گلگت کے قدرتی حسن کی حفاظت کے لئے جلد ازجلد اقدامات کئے جائیں اور یہاں کی دلکش جھیلوں، حسیں وادیوں اور دوردراز واقع مرغزاروں تک پہنچنے کے لئے مناسب اور جدید راستوں کا انتظام کیا جائے تاکہ ٹورازم انڈسٹری کی ترقی ممکن ہو۔

ملک میں افواج پاکستان اور پاکستانی عوام کی بے دریغ قربانیوں کی وجہ سے دہشت گردی میں کمی آنے کے بعد ملک میں ٹورازم ترقی کرتا نظر آتا ہے اس صورتحال میںحکومت اور وزیرداخلہ احسن اقبال کی طرف سے چین، امریکہ اوربر طانیہ سمیت 24ممالک کوآن ارائیول ویزا کی فراہمی کا فیصلہ اہم اور بروقت ہے جس سے نہ صرف ٹورازم کو فراغ ملے گا بلکہ پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کے نئے دور میں داخل ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری مقامی معیشت کو درپیش مسائل کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے۔گلگت سے پیدا ہونے والے انگور، انار، خوبانی،اخروٹ اور دیگرپھلوں کی ملکی اور بیرون ملک منڈیوں میں رسائی کی سہولتوں کو بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ قرضوں کی آسان فراہمی کے لئے اقدامات کئے جائیں۔

متعلقہ عنوان :