سپریم کورٹ کی تارکین وطن پاکستانیوں کیلئے آئی ووٹنگ کی منظوری ہماری جمہوری تاریخ کا ایک نیا اور روشن باب ہے،مونس الٰہی مرکزی رہنما پاکستان مسلم لیگ

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 26 جنوری 2018 15:06

سپریم کورٹ کی تارکین وطن پاکستانیوں کیلئے آئی ووٹنگ کی منظوری ہماری ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جنوری2018ء) سپریم کورٹ کی طرف سے نادرا کو تاریکن وطن پاکستانیوں کیلئے آئی ووٹنگ سسٹم کی منظوری پاکستان کی جمہوری تاریخ کا ایک نیا اور روشن باب ہے، ن لیگ نے الیکشن کمیشن سے ساز باز کر کے 70 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے محروم رکھنے کی سازش کی مگر سپریم کورٹ کے فیصلے نے انہیں ناکام بنا دیا، چودھری ظہورالٰہی شہید نے تارکین وطن کے حقوق کی حفاظت کیلئے ملک میں اوور سیز پاکستانیز فاؤنڈیشن قائم کی تھی۔

پاکستان مسلم لیگ نے ہمیشہ مشرق وسطیٰ، یو کے، یورپ، امریکہ، آسٹریلیا اور دیگرممالک میں مقیم پاکستانیوں کے حقوق کی جنگ لڑی ہے۔ مونس الٰہی پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما نے ان خیالات کا اظہار آج پاکستان مسلم لیگ کی آسٹریا کی صدر اور یورپ میں پارٹی کی سوشل میڈیا کوآرڈی نیٹر سمیرا رحمن سے ایک ٹیلی فونک گفتگو میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس امید کا اظہار کیاکہ تارکین وطن سپریم کورٹ کے اس حکم کے تحت اور آئندہ انتخابات کے بعد پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں مزید بہتر کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے اس بات پرزور دیا کہ تارکین وطن کی پاکستان کی ترقی میں شرکت کیلئے اب ایک نئی وژن کی ضرورت ہے۔ اپنی گفتگو میں مونس الٰہی نے سمیرا رحمن کو یاد دلایا کہ ان کے خاندان نے تارکین وطن پاکستانیوں اور ان کے خاندانوں کیلئے ماضی میں کئی تاریخی خدمات سرانجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے نانا چودھری ظہور الٰہی نے پاکستان میں اوور سیز پاکستانیز فاؤنڈیشن قائم کی، چودھری شجاعت حسین نے بطور وزیر اعظم غیر ممالک میں انتقال کرگئے پاکستانیوں کی میّتوں کو پی آئی اے سے مفت وطن لانے کا حکم جاری کیا اور چودھری پرویزالٰہی نے اپنے پنجا ب کے دور وزارت اعلیٰ میں وطن سے دور پاکستانیوں کیلئے کئی انقلابی فیصلے کئے۔

یورپ میں پاکستان مسلم لیگ کے فیس بک پیج کے اجراء کے موقع پر مونس الٰہی نے سمیرا رحمن کو یورپ میں مقیم پاکستان مسلم لیگ کے کارکنوں کو مبارکباد کا پیغام پہنچانے کی ہدایت کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستا ن مسلم لیگ کا یورپ میں فیس بک پیج جلد ہی وہاں کے پاکستانیوں کی موثر ترین آواز بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عنقریب یو کے، امریکہ، آسٹریلیا، مشرق وسطیٰ اور سعودی عرب میں بھی پاکستان مسلم لیگ کا فیس بک پیج شروع ہو جائے گا۔‎