پاکستان کا کلبھوشن کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کا مطالبہ

کوئی بھی ملک حافظ سعید اور ان سے منسلک تنظیموں کیخلاف ٹھوس ثبوت دے تو بھرپور ایکشن لیں گے ،ْ ذرائع پاکستانی حکام کلبھوشن کے دہشت گرد تنظیموں کیساتھ ملکرکام کرنے کے ٹھوس ثبوت بھی سلامتی کونسل کی جائزہ ٹیم کے حوالے کیے گئے

جمعہ 26 جنوری 2018 15:14

پاکستان کا کلبھوشن کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کا مطالبہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2018ء) پاکستان نے اقوام متحدہ سے بھارتی جاسوس کلبھوشن کو نامزد مشتبہ بین الاقوامی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ کوئی بھی ملک حافظ سعید اور ان سے منسلک تنظیموں کے خلاف ٹھوس ثبوت دے تو بھرپور ایکشن لیں گے۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ پاکستان نے کلبھوشن جادیو کو نامزد مشتبہ بین الاقوامی دہشت گرد وں کی فہرست میں شامل کرنے کی سفارشات پاکستان کا دورہ کرنے والی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی خصوصی ٹیم کے سامنے رکھیں۔

پاکستان نے ٹیم کو بتایا کہ کس طرح بھارتی جاسوس تحریک طالبان، القاعدہ اور داعش کے ساتھ ملکر افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا۔

(جاری ہے)

کلبھوشن کے دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ ملکرکام کرنے کے ٹھوس ثبوت بھی سلامتی کونسل کی جائزہ ٹیم کے حوالے کیے گئی-ذرائع کے مطابق سلامتی کونسل کی لسٹ کے مطابق اس وقت 27تنظیمیں اور 35افراد مبینہ طور پر پاکستان میں آپریٹ کر رہے ہیں ۔

لشکر طیبہ ،ْجماعت الدعوہ اور فلاح انسانیت اور ان سے جڑے افراد کے خلاف اقوام متحدہ کی قرارداد کے تحت اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی خصوصی ٹیم پاکستان پہنچی تھی۔اقوام متحدہ کی ٹیم کے ساتھ تحریک طالبان اور افغانستان کا معاملہ بھی اٹھایا جہاں سے ملا فضل اللہ اور اسکے کمانڈرزمبینہ طور پر آپریٹ کررہے ہیں۔