وزیر اعلی پنجاب علم کے فروغ کیلئے شعبہ تعلیم کے استحکام پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں،حاجی محمداکرم انصاری

جمعرات 25 جنوری 2018 23:52

فیصل آباد۔25جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2018ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف علم کے فروغ کے لئے شعبہ تعلیم کے استحکام پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اس سلسلے میں دیگر ہمہ جہت انقلابی تعلیمی پالیسیوں کے ساتھ ساتھ سکولوں کی حالت سدھارنے پر خطیر فنڈز خرچ کئے جارہے ہیں ۔ یہ بات وزیر مملکت برائے ٹیکسٹائل حاجی محمداکرم انصاری نے گورنمنٹ ایم سی گرلز پرائمری سکول ماڈل ٹائون میں 42 لاکھ روپے کی لاگت سے نو تعمیر شدہ تین کلاس رومز کا افتتاح کرتے ہوئے کہی ۔

سابق ارکان صوبائی اسمبلی خواجہ محمد اسلام ‘ کمال چغتائی ایڈووکیٹ ‘ ایکسیئن بلڈنگز طاہر انجم ‘ افتخار اکرم انصاری و دیگر بھی موجود تھے ۔ وزیر مملکت نے کہا کہ بہترین تدریسی ماحول اور خاطر خواہ تعلیمی سہولتوں کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے تاکہ نئی نسل علم کے حصول کی جانب راغب ہو ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نئے سکولوں کے قیام کے ساتھ ساتھ موجودہ سکولوں کی خستہ حال عمارتوں کی مرمت و بحالی ‘ نئے کلاس رومز ‘ چار دیواریوں ‘ ٹائلٹس بلاکس کی تعمیر کے لئے وسیع ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے جس سے سرکاری سکولوں کی حالت زار میں بہتری آئی ہے ۔

انہوں نے سکول انتظامیہ سے کہا کہ وہ طالبات کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے بھر پور انداز میں پیشہ وارانہ صلاحتیوں کو بروئے کار لائیں اور نئے داخلوں پر سنجیدگی سے توجہ دی جائے تاکہ سکول جانے کی عمر کا کوئی بچہ سکولوں سے باہر نہ رہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے حلقہ کے کالجوں اور سکولوں کی تعلیمی و انتظامی ضروریات پوری کرنے کے مشن پر گامزن ہیں اور کوئی تعلیمی ادارہ بنیادی سہولتوں سے محروم نہیں رہے گا ۔اس موقع پر ہیڈمسٹریس نے نئے کلاس رومز کی تعمیر کے لئے خصوصی کاوشوں پر وزیر مملکت حاجی اکرم انصاری اورخواجہ محمد اسلام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کمروں کی بدولت طالبات کو بہتر تعلیمی ماحول میسر آئے گا ۔

متعلقہ عنوان :