ریسرچ انسٹیٹیوٹ پتوکی میں روایتی چارہ جات اور دیسی جڑی بوٹیوں کے حوالے سے آگاہی میلہ کل ہوگا

جمعرات 25 جنوری 2018 23:52

فیصل آباد۔25جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2018ء) سیکرٹری لائیوسٹاک پنجاب نسیم صادق کی ہدایت پر ہفتہ 27جنوری کو ریسرچ انسٹیٹیوٹ پتوکی میں روایتی چارہ جات اور دیسی جڑی بوٹیوں کے حوالے سے آگاہی میلہ منعقد ہوگا جس میں محکمہ لائیوسٹاک فیصل آباد ڈویژن سے افسران بھی شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹرمحمدنواز ملک نے بتایا کہ میلہ میں ماہرین فارمرز کوچارے کے لئے کماد،برسیم،مونگااور آسٹریلین کیکر پر لیکچر کے ساتھ لوسن کی کاشت کے جدید طریقہ اور دیسی جڑی بوٹیوں کی جانوروںکے لئے اہمیت وافادیت پر روشنی ڈالیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اس میلہ میں صوبہ کے ہر ضلع سے بریڈرز/مویشی پال حضرات اور چارہ کاشت کرنے والے فارمرز بھی شرکت کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ یہ میلہ مویشی پال حضرات کے علاوہ ایگری کلچر سائنس کے طالب علموں کے لئے بھی بڑی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے بتایا کہ میلہ میں ڈویژن کے چاروں اضلاع کی طرف سے سٹالزبھی لگائے جائیں گے جس میں جانوروں کے لئے جدید چارہ جات اور مفید جڑی بوٹیاں نمائش کے لئے رکھی جائیں گی۔