ملازمین کی پنشن ، گریجوٹی اور تنخواہوں کو ریگولرائز کردیا گیا

جمعرات 25 جنوری 2018 23:31

سکھر۔25جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2018ء) سکھر میونسپل کارپوریشن نے ملازمین کی پنشن ، گریجوٹی اور تنخواہوں کو ریگولرائز کردیا گیا ہے، تنخواہوں کے بقایا جات اور ماہانہ تنخواہیں باقاعدگی سے ادا کی جارہی ہیں جبکہ فائر بریگیڈ ملازمین کو 2014 کے بقایا جات اوور ٹائم دینے کی قائم کردہ کمیٹی کی منظوری سے فائر بریگیڈ کے 50 ملازمین کو 66 لاکھ 69 ہزار روپے کے چیک تقسیم کئے جارہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ نے فائر بریگیڈ اسٹاف کو اوور ٹائم اور بلدیہ کے ریٹائرڈ ملازمین کو گریجوئٹی کے بقایا جات کی ادائیگی کے چیک تقسیم کرنے کے موقع پر کیا ، میئر سکھر نے فائر آفیسر اسلام شیخ کو اوور ٹائم کا چیک دیا ، اس موقع پر ڈپٹی میئر طارق حسین چوہان ، اوور ٹائم کے لئے بنائی جانے والی کمیٹی کے ارکان / یو سی چیئرمین ڈاکٹر علی نواز کھوسو ، فراز ماکوو ، ذوالفقار قریشی اور ایس پی او عابد علی انصاری بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

میئر سکھر نے کہا کہ فائر بریگیڈ کے اسٹاف کے دیرینہ مطالبہ پر 2014 کے اوور ٹائم کی ادائیگی کمیٹی کی سفارشات پر کی جارہی ہے تاکہ ان کی کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ ملازمین کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے ہر قسم کی مراعات دی جارہی ہیں ، محدود مالی وسائل کے باوجود پنشن اور تنخواہوں کی ادائیگی باقاعدگی سے کی جارہی ہے۔

لہٰذا فائر بریگیڈ کے افسران اور ملازمین اپنے پیشہ وارانہ فرائض کو ذمہ داری سے ادا کریں کیونکہ فائر بریگیڈ ایک اہم شعبہ ہے جو شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کرتا ہے۔ میئر سکھر کو اسٹاف سے متیعلق کمیٹی ارکان نے بریفنگ بھی دی، انہوں نے مزید کہا کہ بلدیہ کی کارکردگی کو بہتر بنائیں تاکہ شہریوں کو پینے کے پانی ، صفائی ستھرائی سمیت تمام بلدیاتی سہولتیں میسر آسکیں ، ان کی شکایات کا ہر وقت ازالہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ جو افسران اور ملازمین محنت اور لگن سے کام کریں گے انہیں فائر بریگیڈ کی طرح تمام ضروری مراعات دی جائیں گی، شہر اور شہریوں کی خدمت ہمارا مشن اور مقصد ہے۔